اداکار فواد خان کیخلاف بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانے کا مقدمہ درج کر لیا گیا

پولیو ٹیم فواد خان کی بیٹی کو قطرے پلانا چاہتی تھی لیکن پہلے ان کے ڈرائیور اور پھر فیملی نے بدسلوکی کی: ڈپٹی کمشنر لاہور

muhammad ali محمد علی بدھ 20 فروری 2019 19:43

اداکار فواد خان کیخلاف بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانے کا مقدمہ درج کر لیا گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 فروری2019ء) ضلعی انتظامیہ نے بیٹی کو پولیو کے قطرے نہ پلوانے پر اداکار فواد خان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔ضلعی انتظامیہ لاہور کے مطابق انسداد پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 افراد کے خلاف مقدمے درج کر لیے گئے۔انتظامیہ کے مطابق پولیو کے قطرے نہ پلانے پر ٹی وی و فلم اداکار فواد خان کے خلاف بھی مقدمہ درج کروایا گیا۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فوادخان کے خلاف مقدمہ فیصل ٹاؤن تھانے میں درج کرایا گیا۔ضلعی انتظامیہ نے 4 مقدمات تھانہ فیصل ٹاؤن اور 2 تھانہ ماڈل ٹاؤن میں درج کرائے۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید کے مطابق اداکار فواد خان کے گھر سارا دن پولیو ویکسین پلانے والی ٹیم موجود رہی لیکن ان کی اہلیہ نے بیٹی کو پولیو کے قطرے نہیں پلانے دیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قطرے نہ پلانے پر گھر کے سربراہ فواد خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے پولیو بابر عطا کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق پولیو ٹیم فواد خان کی بیٹی کو قطرے پلانا چاہتی تھی لیکن پہلے ان کے ڈرائیور اور پھر فیملی نے بدسلوکی کی۔انہوں نے کہا کہ فواد ہمارا فخر ہیں لہٰذا ان سے درخواست ہے کہ ٹیم کو قطرے پلانے کی اجازت دیں، لاہور میں گزشتہ ہفتے پولیو کا کیس رپورٹ ہوا ہے، اس لئے ہمیں بچوں کو محفوظ بنانا ہے۔
وقت اشاعت : 20/02/2019 - 19:43:22

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :