’’عورت مارچ‘‘ کے بعد سوشل میڈیا پر بحث‘ رابی پیرزدہ نے اپنا حصہ ڈال دیا

مجھے اپنے لبرل اور ماڈرن ہونے پر شرمندگی ہے‘میرا دوپٹہ اور میری چادر اور حیا مرد سے ہے میں کیسے ایک ایسے مرد کے خلاف ہو سکتی ہوں جو اللہ نے انسانوں میں اپنی پہلی تخلیق بنایا‘اداکارہ

جمعہ 15 مارچ 2019 11:57

’’عورت مارچ‘‘ کے بعد سوشل میڈیا پر بحث‘ رابی پیرزدہ نے اپنا حصہ ڈال دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2019ء) پاکستان میں عالمی یوم خواتین کے موقع پر ہونے والے ’ عورت مارچ‘ کے بعد سے سوشل میڈیا پر ایک بحث جاری ہے۔ اسی بحث میں معروف اداکارہ و گلوکارہ رابی پیرزادہ نے بھی اپنا حصہ ڈالا ہے۔انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا ’ مجھے اپنے لبرل اور ماڈرن ہونے پر شرمندگی ہے، کیوں کہ میں کیسے ایک ایسے مرد کے خلاف ہو سکتی ہوں جو اللہ نے انسانوں میں اپنی پہلی تخلیق بنائی، جس مرد کی خواہش پر عورت کو تخلیق کیا، آپ عورت یہ مت بھولیں،باپ،بھائی کتنا پیارا تعلق ہے۔

رابی پیرزادہ نے مرد حضرات کی مزید تعریف میں ایک اور ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے کہا ’ سب سے بڑھ کر تمام انبیاء مرد تھے اور میرے پیارے رسول ؐ (میری جان،مال،ماں،باپ،بچے قربان) ایک مرد تھے۔

(جاری ہے)

رابی پیرزادہ نے کہا ’ میں مردوں سے نفرت نہیں کر سکتی، میرا دوپٹہ اور میری چادر اور حیا اس مرد سے ہے، آج میرے پاوٴں تلے جنت اسی مرد کے ہونے سے ہے۔خیال رہے کہ 8 مارچ کو عالمی یوم خواتین پر پاکستان کے بڑے شہروں میں خواتین کے حقوق کیلئے ریلیاں نکالی گئی تھیں۔ ان ریلیوں کے دوران لگنے والے بعض نعروں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا آغاز ہوا ہے، بعض نوجوانوں کی جانب سے 24 مارچ کو عورت مارچ کے جواب میں ’ مرد مارچ‘ کے انعقاد کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

وقت اشاعت : 15/03/2019 - 11:57:49

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :