بیرون ملک گمنامی کی زندگی گزارنے والے مقبول پاکستانی فنکار

پاکستانی فنکار اپنی بے پناہ صلاحیتوں کے باعث پاکستانیوں سمیت بیرون ملک مقیم لوگوں کے دلوں میں بھی بستے ہیں عاشر عظیم ‘معروف فنکار تحسین جاوید‘سہیل رانا‘شہنازخواجہ‘کیپٹن عبداللہ محموداورپاپ گلوکار عالمگیر بیرون ممالک ہیں

اتوار 14 اپریل 2019 11:50

بیرون ملک گمنامی کی زندگی گزارنے والے مقبول پاکستانی فنکار
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2019ء) قدرت نے پاکستانی فنکاروں کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے جو اپنی جاندار اداکاری کے باعث نا صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک مقیم لوگوں کے دلوں میں بھی بستے ہیں، لیکن افسوس کی بات ہے کہ ہم اپنے ان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل فنکاروں کو وہ عزت نہ دے سکے جن کے وہ حقدار ہیں۔نوے کی دہائی کے مقبول ترین ڈرامے’’دھواں‘‘ سے کون واقف نہیں اٴْس وقت اِس ڈرامے نے نا صرف مقبولیت کے ریکارڈ توڑے تھے بلکہ ڈرامے میں موجود ہر کردار کو انفرادی مقبولیت اور پہچان حاصل ہوئی تھی۔

ڈرامے کے مصنف و مرکزی اداکار عاشر عظیم اپنی جاندار اداکاری کے باعث آج بھی لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں۔ قدرت نے انہیں بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے لیکن آج ہم ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے بجائے ان کی شوبز کے لیے خدمات کو فراموش کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ شوبز انڈسٹری میں آج انہیں بے تحاشا کام ملتا لیکن وہ آج عاشر عظیم کینیڈا میں گمنامی کی زندگی گزارتے ہوئے ٹرک چلاکر گزر بسر کررہے ہیں۔

گلوکار عالمگیر کو پاکستانی پاپ میوزک کا عملبردار بھی کہاجاتاہے، عالمگیر اپنے منفرد گیتوں اور انداز کی وجہ سے ملک کے پہلے پاپ گلوکار بن کر ابھرے۔ انہوں نے امریکا اور یورپ سمیت متعدد ممالک میں کئی کامیاب شوز کیے، امریکا اوربرطانیہ میں انہیں بہت پزیرائی ملی۔عالمگیر گزشتہ کئی برسوں سے امریکا میں قیام پزیر ہیں۔ انہوں نے ابتدا میں پاکستانی گیتوں کے ساتھ، ہندوستانی گلوکاروں اور ایلوس پریسلے کے گیت گا کر شہرت حاصل کی، بعد ازاں انہوں نے اپنے گیت بھی گانے شروع کیے۔

ان کے مشہور گیتوں میں ’دیکھا نہ تھا کبھی ہم نے یہ سما‘، ’میں ہوں البیلا راہی‘،’میں نے تمہاری گاگر سے کبھی پانی پیاتھا یاد کرو‘،’دیکھ تیرا کیارنگ کردیا ہے‘وغیرہ شامل ہیں۔نوے کی دہائی کے مقبول ترین ڈراما سیریل ’’الفا براوو چارلی‘‘ میں کیپٹن کاشف کرمانی کا کردار نبھانے والے کیپٹن عبداللہ محمود نے اپنے کردار سے پاکستانیوں کے دل میں جگہ بنالی تھی۔

کیپٹن عبداللہ نے پاک فوج سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد بیرون ملک مقیم ہونے کو ترجیح دی اور وہ اب بھی وہیں ہیں تاہم ان کے مداح آج بھی انہیں بے حد یاد کرتے ہیں۔ اداکارہ شہناز میں وقت کے ساتھ بہت زیادہ تبدیلی آئی ہے۔گلوکار تحسین جاوید بھی اپنے زمانے کے مقبول ترین گلوکار تھے، تاہم وہ بھی دیگر فنکاروں کی طرح امریکا منتقل ہوگئے اور وہیں رہائش پزیر ہیں لیکن وہ اکثروبیشتر پاکستان آتے رہتے ہیں۔

تحسین جاوید کے مقبول گیتوں میں اداکار جاوید شیخ اورنیلی پر فلمایا گیا گانا ’دل ہوگیا ہے تیرا دیوانہ‘ آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں محفوظ ہے۔ مداحوں کو تحسین جاوید کی کمی بہت محسوس ہوتی ہے۔پاکستانی فلمی صنعت کو بے شمار لازوال گیت دینے والے لیجنڈ موسیقار سہیل رانا نوے کی دہائی میں کینیڈا منتقل ہوگئے۔ انہوں نے کینیڈا منتقل ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلوانے کے لیے کینیڈ امنتقل ہونے کا فیصلہ کیا، لیکن جب بھی پاکستان مجھے بلائے گا میں واپس ضرور آؤں گا۔

سہیل رانا نے فلم انڈسٹری کوچھوڑنے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا فلمی صنعت کو خیرباد کہنے پر انہیں پچھتاوا ہوتا ہے کیونکہ فلم ایک آرٹ ہے جہاں آپ اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہیں۔
وقت اشاعت : 14/04/2019 - 11:50:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :