شادی کب کررہی ہیں، خواتین سے پوچھنا بند کیا جائے‘ماڈل زارا پیرزادہ

ہفتے میں 5 دنوں کے اندر مجھ سے 17 مرتبہ یہ سوال پوچھا جاچکا ہے کہ میں شادی کب کروں گی کیا شادی ہی میرا واحد مقصد ہے، یا میں بس اس ہی ایک کام میں دلچسپی رکھتی ہوں ماڈل کا سوال

جمعرات 18 اپریل 2019 12:22

شادی کب کررہی ہیں، خواتین سے پوچھنا بند کیا جائے‘ماڈل زارا پیرزادہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) جہاں آج کل شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات شادیاں کررہی ہیں وہیں ایسی شخصیات بھی موجود ہیں جو ہر وقت شادی کرنے کے سوال سے کافی پریشان ہیں۔ایسی ہی ایک ماڈل زارا پیرزادہ ہیں جن سے غیر شادی شدہ ہونے کی وجہ سے شادی کرنے کا سوال کئی مرتبہ پوچھا جاتا ہے۔اور ایسے ہی سوالات سے تنگ آکر اب انہوں نے اس کے خلاف اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کردی ہے۔

زارا نے پوسٹ میں اپنی ایک تصویر شیئر کی، جس کے ساتھ انہوں نے شادی کرنے کا سوال کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو خواتین کے معاملات میں دخل نہیں دینی چاہیے۔زارا نے سوال کیا کہ کیا شادی ہی میرا واحد مقصد ہے، یا میں بس اس ہی ایک کام میں دلچسپی رکھتی ہوں انہوں نے لکھا کہ اس ہفتے 5 دنوں کے اندر مجھ سے 17 مرتبہ یہ سوال پوچھا جاچکا ہے کہ میں شادی کب کروں گی۔

(جاری ہے)

زارا کے مطابق اس سوال کا کوئی صحیح جواب بھی نہیں دیا جاسکتا، کیوں کہ ہر ’کب‘، ’کیوں‘ اور ’میں تیار نہیں ہوں‘، کے بعد چند اور عجیب سوالات سامنے آتے ہیں۔ماڈل نے مزید لکھا کہ ’خواتین کو یہ احساس دلانا بند کریں کہ اگر ان کی شادی نہیں ہوئی تو وہ کامیاب نہیں، انہیں یہ احساس مت دلائیں کہ وہ پیچھے رہ جائیں گی، انہیں یہ احساس نہ دلائیں کہ شادی کرکے ہی وہ خوش رہ سکتی ہیں، ایسا سوچنا بند کریں کہ جو لڑکی شادی شدہ نہیں اس کے ساتھ کوئی مسئلہ ہے، خود سے مت فیصلہ کریں کہ وہ ناخوش ہے، خواتین سے وہ سوالات پوچھنا بند کردیں جن کا آپ سے کوئی تعلق نہیں۔
وقت اشاعت : 18/04/2019 - 12:22:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :