پاکستان فلم انڈسٹری کے کہنہ مشق و بانی فنکار اور "شاہ مدینہ یثرب کے والی" کے خالق نعیم ہاشمی کی برسی ہفتہ کو منائی جائے گی

بدھ 24 اپریل 2019 14:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) پاکستان فلم انڈسٹری کے کہنہ مشق و بانی فنکار ، فلم ساز اورمعروف نعت "شاہ مدینہ یثرب کے والی" کے خالق نعیم ہاشمی کی برسی 27اپریل بروز ہفتہ کو انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ اس موقع پر نگار خانوں ، فلم پروڈیوسرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن اور نعیم ہاشمی کے پرستاروں سمیت آرٹس کونسلز کی جانب سے خصوصی تعزیتی تقریبات ، قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی محافل کا انعقاد کیا جائیگا۔

نعیم ہاشمی نے اپنے فنی سفر کا آغاز قیام پاکستان سے پہلے کلکتہ سے کیا۔ ان کی پہلی فلم چاندنی چوک کے پروڈیوسر بی آر چوپڑا اور ہدایت کار ٹھاکر ہمت سنگھ تھے۔ بحیثیت اداکار نعیم ہاشمی کی یاد گار فلموں میں چھوٹی بیگم، جادوگر، ساتھی، ایاز، عذرا، سرفروش، شمع ، گل فروش، خاتون، دروازہ ، مادر وطن، گمراہ ، دیا اور طوفان، بابل، بنارسی ٹھگ، شیراں دی جوڑی، بھائیاں دی جوڑی، یار مستانے، پروہنا، منہ زور، ضدی، شریف بدمعاش وغیرہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

نعیم ہاشمی نے 1948ء میں انقلاب کشمیر کے نام سے ایک فلم بنائی جو حکومتی پالیسیوں سے متصادم ہونے کے باعث ضبط کر لی گئی ۔ انہوںنے پہلا سٹیج ڈرامہ شادی پیش کر کے خصوصی شہرت حاصل کی ۔ انہوںنے اپنے کیرئیر میں 100سے زائد فلموں میں کام کرنے کے علاوہ درجنوں ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کیا۔ انہیں بطور مصنف ، فلم ساز ، ہدایتکار، نغمہ نگار ، نعت نگارخصوصی شہرت حاصل ہوئی ۔ شاہ مدینہ یثرب کے والی ، سارے نبی تیرے در کے سوالی سمیت درجنوں نعتیں آج بھی نعیم ہاشمی کا نام زندہ و جاوید رکھے ہوئے ہیں ۔ نعیم ہاشمی کی برسی کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر جبکہ پرنٹ میڈیا بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کریگا۔
وقت اشاعت : 24/04/2019 - 14:42:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :