شہنشاہ ظرافت منور ظریف کو مداحوں سے بچھڑے 43 برس بیت گئے

منور ظریف جب اسکرین پر جلوہ گر ہوتے تو لوگ انکی باتوں پر لوٹ پوٹ ہوتے دکھائی دیتے منور ظریف 29اپریل 1976 کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث اس دنیا فانی سے رخصت ہو گئے

پیر 29 اپریل 2019 11:53

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2019ء) شہنشاہ ظرافت کا خطاب پانے والے نامورپاکستانی کامیڈین منور ظریف کو مداحوں سے بچھڑے 43 برس بیت گئے۔اپنی بے ساختہ اداکاری سے شائقین کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیردینے والے منور ظریف2 فروری 1940 کو گوجرانوالہ میں پیداہوئے۔انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1961میں ریلیز ہونیوالی فلم ڈنڈیاں سے کیا جس کے بعد ان کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا گیا۔

1973 میں وہ پہلی بار اردو فلم’’ پردے میں رہنے دو‘‘میں سائیڈ ہیرو کے روپ میں سامنے آئے اور اسی سال ایک اور فلم’’ رنگیلا اور منور ظریف‘‘ کی کامیابی نے انہیں سپر اسٹار بنا دیا۔ان کے کیرئیر کی لازوال فلم بنارسی ٹھگ رہی جس میں منور ظریف نے مختلف گیٹ اپ کئے اور اپنے ورسٹائل اداکار ہونے کی مہر ثبت کردی۔

(جاری ہے)

انکی مزاحیہ اداکاری کا انداز منفرد اور نرالا تھا جسکے باعث انہوں نے مزاحیہ اداکاری میں اپنا نام کمایا جسے آج بھی کسی نہ کسی شکل میں دور حاضر کے کامیڈین نقل کرتے نظر آتے ہیں۔

منور ظریف جب اسکرین پر جلوہ گر ہوتے تو لوگ انکی باتوں پر لوٹ پوٹ ہوتے دکھائی دیتے۔ہیرو کے طور پر انکی قابل ذکر فلموں اج دا مہینوال، جیرابلیڈ، شریف بدمعاش،بنارسی ٹھگ، کل کل میرا ناں، رنگیلا اور منورظریف، نوکر ووہٹی دا، رنگیلا عاشق اور دوسری کئی فلمیں شامل ہیں جبکہ 1971،1973اور 1975ء میں انہیں عشق دیوانہ، بہارو پھول برسائو اور زینت میں بہترین مزاحیہ اداکاری پر نگار ایوارڈ دیئے گئے جس کے بعد کامیڈی فلموں کا ایک نیا دور شروع ہوا۔

انہی کے قدم پر چل کر علی اعجاز، ننھااور عمر شریف وغیرہ نے اسکرین پر کئی عرصے تک راج کیا۔رنگیلااور منور ظریف کی فلمی جوڑی کو فلم کی کامیابی تصور کیا جاتا تھا۔انہوں نے اپنے بیس سالہ کیرئیر میں تین سو پچیس فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔منور ظریف میں ایک کامیاب کامیڈین کے تمام اوصاف موجود تھے اور ان کا نام فلم کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا تھا۔منور ظریف 29اپریل 1976 کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث اس دنیا فانی سے رخصت ہو گئے مگر ان کے ادا کئے ہوئے کردار انہیں آج بھی انہیں مداحوں کے دلوں میں زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
وقت اشاعت : 29/04/2019 - 11:53:34

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :