ماضی کو نظر انداز کر کے ہمیں بہتر مستقبل کی منصوبہ بندی کرنی چاہیے ‘غلام محی الدین

میری خواہش ہے ہماری فلم انڈسٹری جلد سے جلد دوبارہ اپنے عروج کی طرف واپس لوٹ آئے

پیر 29 اپریل 2019 12:40

ماضی کو نظر انداز کر کے ہمیں بہتر مستقبل کی منصوبہ بندی کرنی چاہیے ‘غلام محی الدین
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2019ء) فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار غلام محی الدین نے کہا ہے کہ ماضی کو نظر انداز کر کے ہمیں بہتر مستقبل کی منصوبہ بندی کرنی چاہیے ۔انہوں نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاپان میں امریکہ نے ایٹم بم گرا کر ہولناک تباہی مچائی تھی مگر جاپانی قوم نے اپنے جذبہ حب الوطنی کے تحت مسلسل محنت کر کے جاپان کی دنیا کی بڑی معیشت والے ممالک میں شامل کر دیا اور یہ کام انہوں نے صرف اپنی محنت کے بل بوتے پر کیا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان فلم انڈسٹری کے زوال کے اسباب کچھ بھی ہوں ہمیں ان باتوں سے سبق حاصل کر کے فلم انڈسٹری کی بہتری کے لئے ایک مشترکہ ٹھوس پالیسی مرتب کرنی چاہیے جس پر شب و روز کی محنت کے بعد ہم مطلوبہ نتائج حاصل کر سکتے ہیں ۔غلام محی الدین نے کہا کہ خالی باتیں کر کے ہوائی قلعے بنانا بعض لوگوں کا مشغلہ ہے مگر میں حقیقت پسند آدمی ہوں اور ہر چیز کو حقیقت کی نظر سے ہی دیکھتا ہوں ۔ فلم انڈسٹری کی بہتری کے لئے میری خدمات ہر وقت حاضر ہیں اور میری خواہش ہے کہ ہماری فلم انڈسٹری جلد سے جلد دوبارہ اپنے عروج کی طرف واپس لوٹ آئے۔
وقت اشاعت : 29/04/2019 - 12:40:16

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :