ہمیں تیسری جنس کو ہنسی مذاق کا نشانہ نہیں بنانا چاہیئے، حدیقہ کیانی

منگل 30 اپریل 2019 13:15

ہمیں تیسری جنس کو ہنسی مذاق کا نشانہ نہیں بنانا چاہیئے، حدیقہ کیانی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2019ء) پاکستانی گلوکارہ حدیقہ کیانی تیسری جنس کے متعلق یاسر حسین کے کئے گئے مذاق پر بول پڑیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق گلوکارہ حدیقہ کیانی نے ٹویٹر پر یاسر حسین کو تیسری جنس کے متعلق مذاق کرنے پر بلاواسطہ طور پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ میں اہم مسائل پر عوام کے سامنے غلط اور بے بنیاد رائے نہ دوں، میں دھن بناتی ہوں، گاتی ہوں جو بہت زیادہ ہے لیکن کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جن پر خاموش نہیں رہا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ تیسری جنس ہونے کا یہ مطلب ہر گز نہیں ہے کہ آپ کسی سے بھی کم ہیں، ہمیں انہیں ہنسی مذاق کا نشانہ نہیں بنانا چاہیئے بلکہ انہیں عزت و احترام دینا چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تیسری جنس کو بھی تشدد اور زیادتی جیسے ہولناک جرائم کا سامنا کرنا پڑتا ہے، معاشرہ ’’ٹرانس فوبک کلچر ‘‘ کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم خود کو بہتر کریں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یاسر حسین سے سوشل میڈیا پر ٹیلی فلم ’’ ہیلپ می دردانہ‘‘ کے لئے ساڑھی پہنے ہوئے تصویر شیئر کرنے پر صارف نے سوال کیا کہ ڈرامہ میں آپ اصل میں تیسری جنس کو کیوں نہیں لیتے جس کے جواب میں یاسر کا کہنا تھا کہ مطلب آپ کو ملازمت چاہیئے جبکہ انہوں نے اس متعلق دیگر سوالات کے جوابات بھی غیر حساس اور مذاق کے انداز میں دیئے جس پر انہیں سوشل میڈیا پر بے حد تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وقت اشاعت : 30/04/2019 - 13:15:45

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :