ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی رمضان ٹرانسمیشن کے دوران غیر مناسب باتیں

انٹرنیٹ صارفین نے پیمرا سے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 14 مئی 2019 14:10

ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی رمضان ٹرانسمیشن کے دوران غیر مناسب باتیں
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 مئی 2019ء) : ڈاکٹر عامر لیاقت حسین ہر سال مختلف ٹی وی چینلز پر رمضان المبارک کی ٹرانسمیشن کرتے ہیں جسے بے حد پسند کیا جاتا ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کر رہے ہیں۔ امسال رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی پر رمضان المبارک کے حوالے سے خصوصی پروگرام کر رہے ہیں۔

لیکن رمضان ٹرانسمیشن کے دوران حال ہی میں خواتین کے سامنے کی جانے والی غیر مناسب اور نازیبا بات کی وجہ سے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین ایک مرتبہ پھر سے تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حیسن کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس کی وجہ سے انٹرنیٹ صارفین نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پر رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کرنے کے حوالے سے پابندی عائد کی جائے۔

(جاری ہے)

ایک صارف نے کہا کہ ہمیں عامر لیاقت حسین کے پروگرام کو رپورٹ کرنا چاہئیے اور اس پر پابندی عائد کروانی چاہئیے۔ عامر لیاقت حسین رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کرنے کے لیے کسی طور بھی مناسب شخص نہیں ہیں۔ ساتھ ہی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کو بھی مخاطب کیا اور کہا کہ برائے مہربانی عامر لیاقت کی جگہ کسی اور شخص کو ٹرانسمیشن کی میزبانی سونپ دی جائے۔

ایک صارف نے پیمرا کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا آپ سو رہے ہیں؟
ایک اور صارف نے کہا کہ عامر لیاقت حسین کے پروگرام پر پابندی عائد ہونی چاہئیے اور ایسے لوگوں کو شرم آنی چاہئیے جو اس کا پروگرام دیکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
ایک اور صارف نے عامر لیاقت حسین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عامر لیاقت حسین آپ کچھ شرم کرلو خواتین کو سامنے بٹھا کر ماہ رمضان میں ایسی لغویات منہ سے نکال رہے ہو۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو اس سے قبل بھی ان کے کئی بیانات کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
وقت اشاعت : 14/05/2019 - 14:10:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :