جب بھی میں ڈپریشن کا شکار ہونے لگتی ہوں تو کوئی نیا کام شروع کر دیتی ہوں ‘سنگیتا

آج کل فرصت کے لمحات سے لطف اندوز ہو رہی ہوں ،گرمی کی وجہ سے ابھی کام کرنے کو دل نہیں کرتا

منگل 14 مئی 2019 14:37

جب بھی میں ڈپریشن کا شکار ہونے لگتی ہوں تو کوئی نیا کام شروع کر دیتی ہوں ‘سنگیتا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2019ء) اداکارہ و ہدایتکارہ سنگیتا نے کہا ہے کہ جب بھی میں ڈپریشن کا شکار ہونے لگتی ہوں تو کوئی نیا کام شروع کر دیتی ہوں ،آج کل فرصت کے لمحات سے لطف اندوز ہو رہی ہوں ، ایک دو پراجیکٹ بنا رکھے ہیں مگر گرمی کی وجہ سے ابھی کام کرنے کو دل نہیں کرتا ۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ جب میں 18سال کی تھی تو میں نے بطور ہدایتکار فلم ’’سوسائٹی گرل ‘‘ بنائی ،اس کے بعد پاکستان کی پہلی آرٹ فلم ’’مٹھی بھر چاول ‘‘بنائی جس کو میں نے صرف 17دن میں مکمل کیا ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں جب پہلی مرتبہ اداکار ندیم کی فلم ’’چکوری ‘‘ دیکھی تو رات بھر ندیم کے بارے میں ہی سوچتی رہی اور میرے تصور میں بھی نہیں تھا کہ ایک دن ندیم میری ڈائریکشن میں کام بھی کریں گے ۔

(جاری ہے)

سنگیتا نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فلم انڈسٹری میں مجھے اداکار شاہد نے کہا تھا کہ تم مجھے اچھی لگتی ہو پھر کچھ عرصے کے بعد اداکار شاہد کی شادی ہو گئی پھر انہوں نے دوسری اور تیسری شادی کے بعد مجھے بھی شادی کے لئے کہا تو میں نے غصے سے انکار کر دیا ۔

انہوں نے کہا کہ شاہد پاکستان فلم انڈسٹری کا بہترین اداکار ہے اور وہ آج بھی مجھے بے بی کہہ کر بلاتے ہیں ۔انہوں نے اداکارہ ریما اور میرا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں بڑی اداکارائیں ہیں ، میرا کا چہرہ کیمرے کے سامنے بڑا خوبصورت آتا ہے اسی لیے میں نے میرا کو اپنی فلموں میں زیادہ کاسٹ کیا ۔ میری فلم ’’نکاح ‘‘میں ریما نے جو اداکاری کی اسکا جواب نہیں ۔
وقت اشاعت : 14/05/2019 - 14:37:43

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :