بھارتی انتخابات میں نریندر مودی کی جیت یقینی، گلوکار عدنان سمیع نے مبارکباد دے دی

جرمنی میں ہونے کے باوجود میں ٹی وی کے آگے بیٹھا رہا۔ عدنان سمیع خان کا ٹویٹر پیغام

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 23 مئی 2019 16:29

بھارتی انتخابات میں نریندر مودی کی جیت یقینی، گلوکار عدنان سمیع نے مبارکباد دے دی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 مئی 2019ء) : بھارتی انتخابات کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک کے موصول ہونے والے نتائج کے مطابق نریندر مودی کی جیت یقینی ہو گئی ہے۔ بھارت میں بی جے پی کے کارکنوں نے پارٹی کی جیت واضح دکھائی دینے پر جشن منانا اور ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کرنا شروع کر دی ہے۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں پاکستانی نژاد گلوکار عدنان سمیع خان نے بھی نریندر مودی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس قدر شاندار کامیابی اور جیت پر میں نریندرمودی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں اس وقت جرمنی میں چھٹیاں منانے آیا ہوں، لیکن میں صبح سے ہی اپنے چہرے پر ایک بڑی مُسکراہٹ لیے ٹی وی کے آگے بیٹھا اور انٹرنیٹ پر انتخابات کے نتائج دیکھ رہا ہوں۔

(جاری ہے)

ساتھ ہی انہوں نے اپنے پیغام میں ''جے ہند'' کا نعرہ بھی لگایا۔

بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے اب تک کے سرکاری نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کو 294 نشستوں کے ساتھ برتری حاصل ہے جبکہ اپوزیشن جماعت کانگریس 50 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لوک سبھا کی 542 نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس 339 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ پہلے اور کانگریس 91 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق بی جے پی نے چھتیس گڑھ میں لوک سبھا کی 11 میں سے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے جبکہ کانگریس صرف 2 نشستیں حاصل کرسکی۔

یاد رہے کہ 11 اپریل سے شروع ہونے والی 7 مرحلوں پر مشتمل بھارتی لوک سبھا کے انتخابات میں 90 کروڑ میں سے 54 کروڑ 20 لاکھ ووٹرزنےحق رائے دہی استعمال کیا اور اپنے اپنے پسندیدہ اُمیدوار کو ووٹ دیا تھا۔واضح رہے کہ 2014ء میں ہونے والے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اتحادیوں نے 336 نشستیں حاصل کی تھیں جبکہ کانگریس کے حصے میں 60 نشستیں آئی تھیں۔
وقت اشاعت : 23/05/2019 - 16:29:05

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :