ٹیکس ایمنسٹی اسکیم ، لالی وڈ اداکارہ میرا نے خفیہ اثاثے ظاہر کرنے سے انکار کر دیا

سب سے پہلے شوبز میں کالا دھن رکھنے والوں کا حساب لیا جائے پھر میں بھی اثاثے ظاہر کر دوں گی۔ میرا کا مؤقف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 27 جون 2019 14:12

ٹیکس ایمنسٹی اسکیم ، لالی وڈ اداکارہ میرا نے خفیہ اثاثے ظاہر کرنے سے انکار کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جون 2019ء) : لالی وڈ اداکارہ میرا نے ایمنسٹی اسکیم میں اپنے خفیہ اثاثے ظاہر کرنے سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایمنسٹی اسکیم میں اپنے خفیہ اثاثے ظاہر کرنے سے انکار کرتے ہوئے میرا کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے شوبز میں کالا دھن رکھنے والوں کا حساب لیا جائے جس کے بعد میں بھی اپنے اثاثے ظاہر کر دوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کیا شوبز میں اتنی زیادہ آمدنی ہے کہ لوگ راتوں رات امیر بن جاتے ہیں؟ میں نے انڈسٹری کو کئی سال دئے ہیں اور طویل محنت کے بعد میں یہاں تک پہنچی ہوں۔

اس کے باوجود سب سے پہلے سوال مجھ سے کیا جاتا ہے ۔ ملک میں کوئی بھی بات ہو جائے، کوئی بھی مسئلہ ہو، سب سے پہلے سوال میرا سے کیا جاتا ہے۔ کیا باقی سب لوگ دودھ کے دُھلے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ایمنسٹی اسکیم متعارف کروائی جس کے ذریعے شہری اپنے غیر ظاہر شدہ اثاثہ جات کو ڈکلئیرکر کے ٹیکس ادا کرنے کے بعد اپنے تمام اثاثوں کو قانونی حیثیت دے سکتے ہیں۔

ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے تحت اندرون ملک اثاثے چھپانے اور ٹیکس چوری کرنے والے صرف پانچ فیصد ٹیکس دے کے تمام دولت کو قانونی بنا سکتے ہیں۔ یہ شرح ٹیکس کی موجودہ شرح سے 86 فیصد تک کم ہے جبکہ اس وقت، ٹیکس کی موجودہ شرح 7 سے 35 فیصد تک ہے۔ حکومت نے اثاثہ جات ڈکلئیر کرنے کی آخری تاریخ 30 جون رکھی ہے جس کے بعد غیرقانونی اثاثہ جات رکھنے والوں کے خلاف کارروائی شروع ہو جائے گی۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے بھی قوم سے خطاب میں ہدایت کی تھی کہ جلد ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اُٹھائیں ورنہ مشکل ہوگی۔انہوں نے کہا تھا کہ قوم ٹیکس چوری روکنے میں حکومت کا ساتھ دے، قوم کی مدد سے اگلے سال ساڑھے 5 ہزار ارب ٹیکس اکٹھا کرنا ہے، اگر ہم تہیہ کرلیں توہر سال 8 ہزار ارب اکٹھا کرسکتے ہیں۔ جس سے تمام مشکلات حل ہوجائیں گی۔
وقت اشاعت : 27/06/2019 - 14:12:23

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :