معروف گلو کارہ مہناز بیگم طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں،مہناز بیگم کے انتقال کی خبر سنتے ہی لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شوبز سرگرمیاں بند ، صدر زرداری ،وزیراعظم پرویز اشرف سمیت سیاسی شخصیات شوبز اور میوزک انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کاگہرے افسوس کا اظہار

ہفتہ 19 جنوری 2013 23:39

کراچی / مانامہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔19جنوری۔2013ء) معروف گلو کارہ اور برصغیر کی مشہور گائیکہ کجن بیگم کی صاحبزادی مہناز بیگم طویل علالت کے بعد کراچی سے امریکہ جاتے ہوئے بحرین کے ہسپتال میں انتقال کرگئیں، مہناز بیگم کے انتقال کی خبر سنتے ہی لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شوبز سرگرمیاں بند کردی گئیں ، صدر آصف علی زرداری ،وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت سیاسی شخصیات شوبز اور میوزک انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے ان کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

تفصیلا ت کے مطابق ہفتہ کو معروف گلوکارہ مہناز بیگم جو علاج کی غرض سے کراچی سے امریکہ جارہی تھیں کہ دوران پرواز طبیعت اچانک خراب ہوگئی جس پر انہیں بحرین ہسپتال منتقل کیاگیاجہاں وہ انتقال کرگئیں۔

(جاری ہے)

مہناز بیگم کے انتقال کی خبر ملتے ہی لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شوبز سرگرمیاں فوری طورپر بند کردی گئیں جبکہ شوبز اور میوزک انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے فنکار افسردہ ہوگئے ۔

معروف گلوکارہ مہناز بیگم 1958ء میں پیدا ہوئیں وہ برصغیر کی مشہور گائیکہ کجن بیگم کی صاحبزادی تھیں۔ مہناز بیگم غزل،ٹھمری، دادرا اور خیال کی ماہر تھیں ۔ انہوں نے پاکستانی فلموں کے لئے بھی بہت سے گانے گائے جس سے کئی فلمیں سپر ہٹ ہوئیں۔ مہناز بیگم طویل عرصے بیمار تھیں ۔ ان کے پھیپھڑوں میں انفیکشن تھا وہ کافی عرصے سے علاج کی غرض سے امریکہ میں اپنے بھائی کے پاس مقیم تھیں۔

شوبز اور میوزک انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے مہناز بیگم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہناز بیگم بہت بڑی فنکار تھیں ، انکے جانے سے شوبز اور گائیکی کی دنیا میں ایک بہت بڑا خلاء پیدا ہوگیاہے ۔ صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے مہناز بیگم کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے ۔
وقت اشاعت : 19/01/2013 - 23:39:26

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :