بطور گائیک اپنے سفر پر کوئی ملال نہیں‘ پنجابی گائیک گرداس مان

قدرت آپ کے اندر جو ’چِپ‘ ڈالتی ہے اس میں ساری چیزیں فیڈ کر کے دیتی ہے اور وہ ہونا ہی ہوتا ہے میرا نہیں خیال جتنا میں زندگی سے لطف اندوز ہوا کوئی اور ہوا ہو‘ جو مالک نے دیا اس سے خوب لطف اٹھایا

اتوار 18 اگست 2019 11:30

انڈین پنجاب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2019ء) انڈیا اور پاکستان میں اپنے پنجابی گانوں کے لیے مقبول گلوکار، نغمہ نگار اور موسیقار گرداس مان کا کہنا ہے کہ ان کا فنکار بننا شاید قدرت کی جانب سے لکھ دیا گیا تھا لیکن زندگی کے کسی بھی شعبے میں محنت کے بغیر کامیابی کا حصول ممکن نہیں ہے۔یہ بات کم لوگ ہی جانتے ہیں کہ 62 برس قبل انڈین پنجاب کے قصبے گدرباہا میں جنم لینے والے گرداس مان نے حصولِ تعلیم کے بعد فزیکل ایجوکیشن کے شعبے میں بطور استاد اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا تاہم ان کے مطابق انھوں نے زندگی میں یہ کام بہت مختصر عرصے کے لیے کیا۔

موسیقی اور گائیکی کی شروعات کے بارے میںغیر ملکی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ قدرت آپ کے اندر جو ’چِپ‘ ڈالتی ہے اس میں ساری چیزیں فیڈ کر کے دیتی ہے اور وہ ہونا ہی ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اسے کوئی نہیں روک سکتا۔ مگر کب دینا ہے، کس وقت دینا ہے، یہ وہی جانے جو دے رہا ہے۔ان کا کہنا تھا ’اس کے لیے آپ کو محنت بھی کرنی چاہیے، کوشش کرنی چاہیے، تبھی جا کر کشش پیدا ہوتی ہے۔

بچپن چلا گیا، جوانی چلی گئی، زندگی دی قیمتی نشانی چلی گئی‘ جیسے مقبول گیت کے خالق نے اپنے بچپن کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ’بچپن انسان کو کبھی نہیں بھول نہیں سکتا۔ زندگی کے سب سے قیمتی دن، یادیں، قیمتی یادیں۔ بچپن کی یادیں، وہ گلیوں میں کھیلنے، بھاگنے دوڑنے والا دور، جب ہم چاہتے تھے کہ رات ہو ہی نا، بس ہم اپنے دوستوں کے ساتھ کھیلتے ہی رہیں۔

گرداس مان کا یہ بھی کہنا تھازندگی میں وہ مزا کبھی نہیں آئے گا جو بچپن میں لیا لیکن جوانی اپنی جگہ ہے اس کے اپنے مزے ہیں۔ مگر ہر عمر کا اپنا ایک انداز ہے۔پنجابی زبان سے عقیدت کی حد تک محبت کرنے والے گرداس آج کل تو کسی فلم میں کام نہیں کر رہے تاہم ان کا کہنا تھا ’ہو سکتا ہے آپ مجھے چھ ماہ یا سال بعد کسی فلم میں دیکھیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ میرے لیے گائیگی ہی ٹھیک ہے۔ان کا کہنا تھا ’بطور گائیک انھیں اپنے سفر پر کوئی ملال نہیں۔میرا نہیں خیال جتنا میں زندگی سے لطف اندوز ہوا کوئی اور ہوا ہو۔ جو مالک نے دیا اس سے صبر اور شکر کے ساتھ خوب لطف اٹھایا ہے۔
وقت اشاعت : 18/08/2019 - 11:30:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :