مہوش حیات سکھر میں نئے اسکولوں کے قیام کے لیے لندن میں ریس میں دوڑیں گی

میراتھن ریس ایک چیئرٹی دوڑ ہوگی جس کے ذریعے حاصل ہونے والے فنڈز کو سکھر میں اسکولوں کی تعمیر پر خرچ کیا جائیگا

پیر 19 اگست 2019 15:23

مہوش حیات سکھر میں نئے اسکولوں کے قیام کے لیے لندن میں ریس میں دوڑیں گی
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) اداکارہ مہوش حیات سکھر میں نئے اسکولوں کے قیام کے لیے لندن میں دوڑیں گی۔تفصیلات کے مطابق مہوش حیات کو عالمی فلاحی ادارے ’پینی اپیل‘ نے اپنا خیر سگالی سفیر مقرر کیا ہے جو پاکستان سمیت دنیا بھر کے 30 ممالک میں صحت اور تعلیم کے حوالے سے کام کرتا ہے۔اسی ادارے کے تحت اب مہوش حیات پاکستان کے صوبہ سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں 5 نئے اسکول بنانے کے لیے لندن میں ہونے والی میراتھن میں دوڑیں گی۔

پینی اپیل نے اپنے بیان میں بتایا کہ مہوش حیات سندھ کے ضلع سکھر میں اسکولوں کے قیام کے لیے برطانوی دارالحکومت میں آئندہ برس ہونے والی میراتھن ریس میں دوڑیں گی۔یہ میراتھن ریس ایک چیئرٹی دوڑ ہوگی، جس کے ذریعے حاصل ہونے والے فنڈز کو سکھر میں اسکولوں کی تعمیر پر خرچ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مہوش حیات اس دوڑ میں لگ بھگ 27 میل تک دوڑیں گی، ان کے ساتھ اسی ریس میں کئی معروف شخصیات بھی دوڑیں گی۔

مہوش حیات نے عالمی ادارے کی جانب سے سفیر مقرر کیے جانے پر خوشی کا اظہار کیا اور لوگوں سے درخواست کی کہ وہ سکھر میں اسکولوں کے قیام کے لیے ان کی مدد کریں۔اداکارہ نے لوگوں سے اسکولوں کے قیام کے لیے فنڈز جمع کرانے کی بھی اپیل کی۔دوسری جانب انہوں نے اسی حوالے سے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں اب بھی کم عمر بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔

مہوش حیات نے کہاکہ سندھ میں بہت بڑی تعداد میں بچیاں بھی اسکول نہیں جاتیں اور ان کی شادیاں بھی کم عمری میں کی جاتی ہے جس کی وجہ سے آگے چل ان کر بچیوں کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں عالمی فلاحی ادارے کے ساتھ کام کرنا بہت اچھا لگ رہا ہے اور انہیں توقع ہے کہ وہ ملک کے غریب بچوں کے لیے کچھ نہ کچھ بہتر کر سکیں گی۔
وقت اشاعت : 19/08/2019 - 15:23:20

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :