پاکستان میں پرفارمنس کرنے پر میکا سنگھ پر عائد پابندی ختم کردی گئی

پابندی کا اعلان واپس لیے جانے پر تنظیم کے مشکور ہیں، میگا سنگھ کا رد عمل

جمعرات 22 اگست 2019 17:56

پاکستان میں پرفارمنس کرنے پر میکا سنگھ پر عائد پابندی ختم کردی گئی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2019ء) بھارتی فلم تنظیم فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز (ایف ڈبلیو آئی سی ای) نے رواں ماہ 15 اگست کو بھارتی بھنگڑا گلوکار میکا سنگھ پر پاکستان میں پرفارمنس کرنے پر بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔تنظیم نے میکا سنگھ کی جانب سے پاکستان میں پرفارمنس کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ گلوکار کے ساتھ کسی بھی قسم کے میوزک یا فلمی پروجیکٹ پر کام نہیں کیا جائے گا۔

تنظیم نے میکا سنگھ کی پاکستان میں پرفارمنس کو بھارت کیلئے شرمندگی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری تنازع کے باوجود میکا سنگھ کا پاکستان میں پرفارم کرنا ان کے لیے باعث شرمندگی ہے۔تنظیم نے تمام پروڈیوسرز، میوزک ڈائریکٹرز، آل انڈیا ریڈیو، ایف ایم انڈیا، میوزک اور ریکارڈنگ کمپنیز، نیشنل ٹی وی اور سیٹلائٹ چینلز سے مطالبہ کیا کہ وہ بھی میکا سنگھ کے ساتھ کسی قسم کا کام نہ کریں۔

(جاری ہے)

تنظیم نے بیان میں انتباہ جاری کیا تھا کہ جو بھی میکا سنگھ کے ساتھ کام کرنے کی کوشش کرے گا اس کا بائیکاٹ بھی کیا جاسکتا ہے۔نظیم کی جانب سے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد میکا سنگھ نے تین دن قبل ہی عوام سے پاکستان میں پرفارمنس کرنے پر معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا بائیکاٹ نہ کیا جائے، ان سے غلطی ہوئی۔میکا سنگھ نے عوام اور تنظیم سے معافی مانگتے ہوئے پاکستان میں پرفارمنس کرنے پر تنظیم کو 20 اگست کو اپنا مؤقف دینے کے لیے وقت مانگا تھا۔

تنظیم اور میکا سنگھ کے درمیان ملاقات اور مذاکرات ہونے کے بعد اب تنظیم نے گلوکار پر پابندی کا اعلان واپس لے لیا۔میکا سنگھ نے اپنے ٹوئٹر پر تنظیم سے ملاقات کے بعد تنظیم کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کی کاپی شیئر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز نے ان پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔میکا سنگھ نے عوام اور تنظیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ وہ پابندی کا اعلان واپس لیے جانے پر تنظیم کے مشکور ہیں۔

تنظیم کی جاب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ میکا سنگھ نے تنظیم کے سامنے اپنا مؤقف پیش کیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان میں پرفارمنس کا معاہدہ دونوں ممالک میں حالیہ کشیدگی شروع ہونے سے قبل کر رکھا تھا۔بیان کے مطابق میکا سنگھ نے بتایا کہ حالات کشیدہ ہونے کے دوران ہی انہیں پاکستان کا ویزا ملا جس وجہ سے وہ وہاں معاہدے کے تحت پرفارمنس کرنے چلے گئے۔

بیان میں بتایا گیا کہ میکا سنگھ نے پاکستان میں پرفارمنس کرنے کو اپنی غلطی قرار دیا اور وعدہ کیا کہ وہ آئندہ ایسی غلطی نہیں دہرائیں گے۔فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز کے بیان میں بتایا گیا کہ میکا سنگھ کی جانب سے معافی مانگے جانے اور ان کی جانب سے ایسی غطلی دوبارہ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائے جانے کے بعد تنظیم نے ان پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔
وقت اشاعت : 22/08/2019 - 17:56:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :