اداکارہ صوفیہ مرزا نے اپنے خلاف چلنے والی سوشل میڈیا مہم پر ایف آئی اے سے رجوع کر لیا

سوشل میڈیا پر میری کردار کشی کی منظم مہم چلائی جارہی ہے۔ صوفیہ مرزا کا درخواست میں مؤقف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 3 ستمبر 2019 12:19

اداکارہ صوفیہ مرزا نے اپنے خلاف چلنے والی سوشل میڈیا مہم پر ایف آئی اے سے رجوع کر لیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 ستمبر 2019ء) : اداکارہ صوفیہ مرزا نے سوشل میڈیا پر اپنے خلاف چلنے والی مہم سے متعلق ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ سے رابطہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق صوفیہ مرزانے اپنے خلاف منفی پراپيگنڈہ کرنے والوں کے خلاف سائبر کرائم سيل ميں دی جانے والی درخواست ميں موقف اختيار کيا کہ سوشل میڈیا پر میری کردار کشی کی منظم مہم چلائی جارہی ہے۔

انہوں نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا کہ مجھے نیب یا کسی متعلقہ اتھارٹی کی جانب سےکوئی نوٹس موصول نہیں ہوا ۔ ميرے خلاف يہ منفی پراپيگنڈہ ناروے میں رہائش پذیر میرے سابق شوہرعمر فاروق کی جانب سے مجرمانہ نیٹ ورک کے ذريعے کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں صوفیہ مرزا نے کہا کہ میرا سابق شوہر جرائم کا ہورا ریکٹ چلاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس نے میری دونوں بچیاں اغوا کی ہوئی ہیں جن کا کیس ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے۔ میرے سابق شوہر عمر فاروق پاکستان کے علاوہ ناروے میں بھی مطلوب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلیبرٹی ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کسی غلط کام میں ہی ملوث ہوں ۔ اپنے خلاف الزامات کے بعد دودن انتظار کیا تا کہ ایف آئی اے میں شکایت درج کرانے کے بعد تحریری ثبوت کے ساتھ آپ کے سامنے آؤں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ میرے خلاف مذموم مہم چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ماڈل صوفیا مرزا کے منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں۔جس میں بتایا گیا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے لاہور کی رہائشی ماڈل صوفیا مرزا پر اغوا برائے تاوان ، منی لانڈرنگ اور دیگر فراڈز میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے تھے۔ اور کہا گیا تھا کہ نیب کی جانب سے ڈی جی ایف آئی اے کو بھیجی جانے والی درخواست میں خوش بخت عرف صوفیا مرزا کو ملزم قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ صوفیہ مرزا منی لونڈرنگ میں ملوث ہیں۔ نیب پہلے ہی اس معاملے پر نوٹس لے چکا ہے تاہم آیف آئی اے بھی اس ضمن میں فوری طور پر کارروائی کرے۔
وقت اشاعت : 03/09/2019 - 12:19:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :