لیجنڈ اداکار عابد علی 67 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

جمعرات 5 ستمبر 2019 23:36

لیجنڈ اداکار عابد علی 67 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2019ء) لیجنڈ اداکار عابد علی 67 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ عابد علی گذشتہ دو ماہ سے کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ عابد علی کا یرقان بگڑ گیا تھا اور وہ کئی روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔ 1985 میں عابد علی کو پرائڈ آف پارفامنس سے بھی نوازا گیا۔ خواہش، دشت، دوسرا آسمان، وارث اور مہندی عابد علی کے یادگار ڈرامے ہیں۔

عابد علی نے آخری بار فلم ہیر مان میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ٹیلی ویژن نگری میں شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار عابد علی 1952میں کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔ان کی تین بیٹیاں ہیں۔بیٹی ایمان علی نے جیو کی فلم بول سے شہرت حاصل کی۔ان کی دو شادیاں ہیں۔پہلی بیگم حمیرا علی اور دوسری رابعہ نورین ہیں۔

(جاری ہے)

ان دونوں کا تعلق بھی شوبز سے ہے۔

عابد علی کو امجد اسلام امجد کے لکھے ہوئے ڈرامے وارث سے شہرت حاصل ہوئی۔انھوں نے سینکڑوں ٹیلی ویژن ڈراموں اور درجنوں فلموں میں کام کیا۔ان دنوں کی نئی فلم ‘‘ہیر مان جا’’ سنیما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔جیو ٹیلی ویژن سے دو ڈرا مہ سیریلز ‘‘میرا رب وارث’’ اور ‘‘رمز عشق’’ آن ائیر ہیں۔ دریں اثناء گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اداکار عابد علی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عابد علی کے انتقال سے ملک ایک عظیم فنکار سے محروم ہوگیا، عابد علی کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پٴْر نہیں ہوگا۔ اللہ تعالیٰ عابد علی کے درجات بلند کرے اور اہلخانہ کو اس مشکل گھڑی میں صبر جمیل عطا کرے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی معروف اداکار عابد علی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کا بہترین کام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وزیر اعلیٰ سندھ نے مرحوم کی مغفرت کے لیے بھی دعا کی ہے۔
وقت اشاعت : 05/09/2019 - 23:36:58

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :