انشاء جی اٹھو اب کوچ کرو، پٹیالہ گھرانے کے لیجنڈاور نا مور کلاسیکل و غزل سنگر استاد امانت علی خان کی برسی آج منائی جائے گی

پیر 16 ستمبر 2019 13:37

انشاء جی اٹھو اب کوچ کرو، پٹیالہ گھرانے کے لیجنڈاور نا مور کلاسیکل و غزل سنگر استاد امانت علی خان کی برسی آج منائی جائے گی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) نا مور کلاسیکل و غزل سنگر اور پٹیالہ گھرانے کے لیجنڈ استاد امانت علی خان کی برسی آج17ستمبر بروز منگل کوانتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ شام چوراسی ہوشیار پور پنجاب کے پٹیالہ گھرانہ سے تعلق رکھنے والے مذکورہ لیجنڈ نے 1922ء میں بھارت کے صوبہ پنجاب کے علاقہ شام چوراسی ہوشیار پور میں اختر حسین خان کے ہاں جنم لیاجن کے والد علی بخش جرنیل پٹیالہ گھرانے کے سربراہ تھے ۔

استاد امانت علی خان تقسیم برصغیر کے بعد پاکستان آئے اور لاہور میں ریڈیو پاکستان سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا ۔اپنی شاندار خدمات پر پرائیڈ آف پرفارمنس کا اعزاز حاصل کرنے والے استاد امانت علی خان جنہوں نے گائیکی کی تربیت اپنے والد سے حاصل کر کے ملی نغموں ، غزلوں اور کلاسیکل گیتو ں میں شہرت کی بلندیوں اور مقبولیت کی اعلیٰ منزلوں کو چھوا نے سینکڑوں کی تعداد میں انتہائی خوبصورت، دلفریب اور روح کو لبھانے والے نغمات و غزلیں گائیں جن میں اے وطن پیارے وطن، انشاء جی اٹھواب کوچ کرو، اے میرے پیارکی خوشبو، یہ آرزو تھی، موسم بدلا، یہ نہ تھی ہماری قسمت ،کب آئو گے ، ہونٹوں پہ کبھی ان کے وغیرہ اب بھی زبان زد عام ہیں ۔

(جاری ہے)

استاد امانت علی خان کے دو بھائی استاد فتح علی خان اور استاد امانت علی خان بھی فن گائیگی میں اپنا نمایاں مقام رکھتے ہیں انکے بڑے صاحبزادے امجد امانت علی خان جواں سالی میں ہی وفات پا گئے تھے جبکہ ان کے دوسرے صاحبزادے اسد امانت علی خان نے بھی غزل اور کلاسیکل موسیقی میں بڑا نام کمایا مگر وہ بھی 8اپریل 2007ء کو اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال پا گئے۔

استاد امانت علی خان کی اپنے بھائی استاد فتح علی خان کے ساتھ بنائی گئی جوڑی نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ۔ استاد امانت علی خان 17ستمبر 1974ء کو 52سال کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔ مرحوم کی برسی کے موقع پر ان کے پرستار وں کی جانب سے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی محافل کا انعقادبھی کیاجائیگا۔اس موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشرجبکہ پرنٹ میڈیا بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی مضامین کی اشاعت کااہتمام کریگا۔
وقت اشاعت : 16/09/2019 - 13:37:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :