ملکہ ترنم نورجہاں کا93 واں یوم پیدائش 21 ستمبرکو منایا جائے گا

پیر 16 ستمبر 2019 17:27

ملکہ ترنم نورجہاں کا93 واں یوم پیدائش 21 ستمبرکو منایا جائے گا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) ملکہ ترنم نورجہاں کا93 واں یوم پیدائش 21 ستمبرکو منایا جائے گا۔ نور جہاں 21 ستمبر 1926ء کو متحدہ ہندوستان کے شہر قصور (موجودہ پاکستان) میں پیدا ہوئیں۔گھریلو نام اللہ وسائی تھا۔ ان کا گھرانہ موسیقی اور گانے بجانے سے وابستہ تھا اسی لئے ان کے گھروالوں نے انہیں بھی موسیقی کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے استاد کے پاس بٹھادیا جبکہ نورجہاں ذاتی طور پر اداکاری کرنے کو بھی پسند کرتی تھیں۔

استاد بابا غلام محمد سے موسیقی کی تربیت حاصل کی۔ نور جہاں برصغیر کی مشہور گلوکارہ اور اداکارہ تھیں۔ ملکہ ترنم کا خطاب انھیں پاکستانیوں کی طرف سے ملا۔ انہوں نے 10000 کے قریب گیت ہندوستان و پاکستان میں اردو، سندھی، بنگالی، پشتو، عربی اور پنجابی زبانوں میں گائے۔

(جاری ہے)

انہیں ہفت زبان گلوکارہ بھی کہاجاتا ہے۔ 1947ء میں ملکہ ترنم ہجرت کرکے بمبئی سے پاکستان آگئیں۔

29 مارچ 1951ء کو پنجابی فلم ’چن وے‘ ریلیز ہوئی جو نورجہاں کی پاکستان میں بطور ہیروئن پہلی فلم تھی اور اِس کی ڈائریکٹر بھی وہ خود ہی تھیں اور موسیقی فیروز نظامی کی اوراس میں اداکاری کے جوہر ان ادارکاروں نے دِکھائے۔ نورجہاں، سنتوش، جہانگیر خان، یاسمین، غلام محمد۔ لاہور میں یہ فلم ریجنٹ سینما پر 18 ہفتے تک سپر ہٹ بزنس کرتی رہی۔ کراچی میں یہ فلم 13 اپریل 1951ء کو ریلیز ہوئی اور 9 ہفتے تک جوبلی سینما پر بزنس کرتی رہی۔29مارچ 1952ء کو دوپٹہ ریلیز ہوئی جس کے ڈائریکٹر سبطین فاضلی تھے اور موسیقی فیروز نظامی کی تھی۔اس فلم کا معاوضہ میڈم نے اس وقت 6000 روپے لیا تھا۔نورجہاں 23 دسمبر 2000ء کو 73 سال 2 ماہ کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئیں۔
وقت اشاعت : 16/09/2019 - 17:27:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :