فہد مصطفیٰ نبیل قریشی کی 5ویں فلم کے بھی مرکزی ہیرو

ْ فلم ’’قائداعظم زندہ باد‘‘ میں بھی فہد مصطفیٰ ہی ہیرو کا مرکزی کردار نبھاتے نظر آئیں گے

جمعرات 19 ستمبر 2019 12:01

فہد مصطفیٰ نبیل قریشی کی 5ویں فلم کے بھی مرکزی ہیرو
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) آخر فہد مصطفیٰ ہی کیوں ہدایت کار نبیل قریشی کی ہر فلم میں مرکزی کردار نبھاتے نظر آتے ہیں یہ ایک سوال ہے جو نبیل قریشی سے تقریباً ہر انٹرویو میں پوچھا جاتا ہے اور اس کے جواب میں وہ یہی کہتے ہیں کہ فہد مصطفیٰ میں وہ سب کچھ ہے جس کی وجہ سے انہیں فلم میں کاسٹ کیا جاسکتا ہے۔نبیل قریشی نے اب تک 4 فلمیں بنائی ہیں اور یہ چاروں ہی سینما گھروں میں کامیاب ثابت ہوئیں۔

اور اب ہدایت کار نے اعلان کردیا کہ ان کی نئی فلم ’’قائداعظم زندہ باد‘‘ میں بھی فہد مصطفیٰ ہی ہیرو کا مرکزی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔نبیل قریشی نے اس خبر کی تصدیق خود ایک انٹرویو میں کی۔واضح رہے کہ ’’قائداعظم زندہ باد‘‘ اگلے سال عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز ہوگی۔

(جاری ہے)

فلم میں جہاں فہد مصطفیٰ مین کردار نبھائیں گے وہیں ابھی تک فلم کی مرکزی اداکارہ کا نام سامنے نہیں آیا۔

فہد مصطفیٰ کو اپنی ایک اور فلم میں کاسٹ کرنے کے حوالے سے نبیل قریشی کا کہنا تھا کہ 'وہ ایک بہترین اداکار ہیں، محنت سے کام کرتے ہیں، ہمارا تعلق بہت اچھا ہے، مجھے سمجھ نہیں آتا کہ ہر کوئی مجھ سے یہ سوال کیوں پوچھتا ہے۔یاد رہے کہ نبیل قریشی نے رواں سال اگست میں ایک انٹرویو کے دوران بتایا تھا کہ وہ اگلے سال ایک نہیں بلکہ دو فلمیں سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کریں گے۔

ان میں سے ایک’’قائداعظم زندہ باد‘‘ ہے جس کی کہانی ایکشن اور کامیڈی پر مبنی ہے، جو ایک پولیس اہلکار کے کردار کے گرد گھومتی ہے۔دوسری فلم’’فیٹ مین‘‘ ہوگی، جو ایک حقیقی ہیرو کی کہانی ہے۔فیٹ مین میں بھی فہد مصطفیٰ کو کاسٹ کرنے کے سوال پر نبیل قریشی کا کہنا تھا کہ اب تک اس فلم کی کاسٹ کا انتخاب نہیں ہوا۔فلم کی پروڈیوسر فضا علی میرزا کا کہنا تھا کہ قائداعظم زندہ باد کی شوٹنگ کا جلد آغاز ہوگا۔
وقت اشاعت : 19/09/2019 - 12:01:38

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :