حمزہ علی عباسی ، سجل علی کے نئے ڈرامے الف کے دو ٹیزر جاری کردیئے گئے، شائقین میں بھرپور پذیرائی

قلب مومن کی کہانی بہت حد تک میرے ذاتی سفر کی عکاس ہے،حمزہ علی عباسی

ہفتہ 21 ستمبر 2019 20:32

حمزہ علی عباسی ، سجل علی کے نئے ڈرامے الف کے دو ٹیزر جاری کردیئے گئے، شائقین میں بھرپور پذیرائی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2019ء) حمزہ علی عباسی اور سجل علی طویل عرصے سے سوشل میڈیا پر ایک ساتھ اپنے جلد ریلیز ہونیوالے ڈرامے الف کے سیٹ پر لی گئی جھلکیاں ریلیز کررہے تھے جس کے باعث مداحوں کو اس ڈرامے کے ٹیزرز کی ریلیز کا انتظار تھااب ڈرامے کے دو ٹیزر ریلیز کردیئے گئے ہیں جسے انٹرنیٹ پر بے حد پذیرائی مل رہی ہے۔پہلے ٹیزر میں ڈرامے کی شاندار کاسٹ کو متعارف کروایا گیا، جس میں حمزہ علی عباسی، سجل علی، احسن خان، کبری خان، عثمان خالد بٹ، سلیم معراج اور سرمد صہبائی شامل ہیں۔

ٹیزر میں اداکار ہمایوں سعید ڈرامے کہانی سنارہے ہیں، جنہوں نے 'عشق بندے سے اور امید خدا سے رکھنی' کا پیغام بھی سنایا۔الف میں حمزہ علی عباسی قلب مومن نامی مغرور اور بے باک فلم ساز کا کردار نبھارہے ہیں جبکہ سجل علی مومنہ سلطانہ نامی ایک ایسی لڑکی کے روپ میں نظر آئیں جو اداکارہ بننے کی خواہشمند ہیں۔

(جاری ہے)

احسن خان ڈرامے میں طحہ عبدلاعلی نامی کردار نبھارہے ہیں، ڈرامے کے دوسرے ٹیزر میں حمزہ علی کے کردار کی زندگی کو دکھایا گیا جو دنیاوی معاملات میں الجھے ہوئے ہیں۔

ٹوئٹر پر حمزہ نے ان ٹیزرز کو ملنے والی داد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ یہ پروجیکٹ مثال قائم کرے گا کہ کس طرح ٹیلی ویژن کے ذریعے لوگوں کو ان کے خدا سے جوڑا جاسکتا ہے، قلب مومن کا کردار بہت حد تک میرے ذاتی سفر کی عکاسی کرتا ہے۔اس ڈرامے کی کہانی عمیرہ احمد نے تحریر کی جبکہ اس کی ہدایات حسیب حسن دے رہے ہیں۔
وقت اشاعت : 21/09/2019 - 20:32:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :