ہر چیز کی قدر وقت کیساتھ سمجھ آئی ،اب سمجھ نہیں آتا اتنی نعمتوں کا رب سے شکر کیسے کروں، عاطف اسلم

اہلیہ میری مصروفیت کے حوالے سے کبھی شکایت نہیں کرتی،پرانے آرٹسٹ ہمارا فخر، ان کی تعریف سے دل بڑا ہو جاتا ہے ، انٹرویو

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 12:18

ہر چیز کی قدر وقت کیساتھ سمجھ آئی ،اب سمجھ نہیں آتا اتنی نعمتوں کا رب سے شکر کیسے کروں، عاطف اسلم
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2019ء) معروف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کہا کہ ہر چیز کی قدر وقت کیساتھ ساتھ سمجھ آئی ،اب مجھے سمجھ نہیں آتا کہ اتنی نعمتوں کا رب سے شکر کیسے کروں، اہلیہ میری مصروفیت کے حوالے سے کبھی شکایت نہیں کرتی،پرانے آرٹسٹ ہمارا فخر، ان کی تعریف سے دل بڑا ہو جاتا ہے ۔ایک انٹرویو میں عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم نے کہا کہ میں نے پچھلے 16، 17 سالوں سے بہت محنت کی، آرٹسٹ کی زندگی میں ایک وقت ایسا بھی آتاہے کہ وہ خود کو روبوٹ محسوس کرتا ہے۔

اہلیہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصروفیت کے حوالے سے وہ کبھی شکایت نہیں کرتی کیونکہ اس نے مجھے دیکھ کرشادی کی اورمیں نے اہلیہ سے اس لئے شادی کی کیونکہ اسے میرا میوزک پسند نہیں، اہلیہ بہت خوبصورت انسان ہیں، میں نے شادی سے پہلے چند دوستوں کے علاوہ کبھی انہیں کس سے نہیں ملایا نہ کبھی یہ کہا کہ میری گرل فرینڈ ہیں، میں مشہور تھا اور نہیں چاہتا تھا اس کا نام اس وقت میرے نام کے ساتھ جڑے کیونکہ پھراس کے گھر میں مسئلے ہوتے، وہ اس طرح کی بالکل نہیں۔

(جاری ہے)

عاطف اسلم نے کہا کہ بیٹیاں رحمت ہوتی ہیں، جب میری بیٹی ہوگی تو بہت خوشی ہوگی کیونکہ ہم چاربھائی ہیں، تو گھر میں صرف والدہ ہی تھیں، ایک جگہ خالی ہی رہی۔ عاطف اسلم نے کہا کہ میرے والدین بہت سادہ لوگ ہیں اور انہوں نے میری پرورش سیدھے سادھے طریقے سے ہی کی ہے، اور اسی لیے میں بہت سادہ انسان ہوں۔انہوں نے کہا کہ پہلے مجھے انڈسٹری سے متعلق پہلے کچھ معلوم نہیں تھا ،ہر چیز کی قدروقت کے ساتھ ساتھ سمجھ آئی اور اب مجھے سمجھ نہیں آتا کہ اتنی نعمتوں کا رب سے شکرکیسے کروں۔

میوزک کی وجہ سے مجھے خدا ملا، قصیدہ بردہ شریف اور نعتیں پڑھ کر بہت محظوظ ہوتا تھا اوراسی طرح معلوم ہوا کہ کائنات دراصل کیا ہے۔ نصرت فتح علی خان کو بہت سنا، تاجدار حرم جنہوں نے لکھا اور بنایا ، وہی اس کے اصل حقدار ہیں میں نے تو محض اسے پڑھنے کی ایک چھوٹی سی کوشش کی، جب چھوٹا تھا تو سمجھ نہیں آتا تھا کہ کیا ہے تاجدارحرم، پھر بعد میں معلوم ہواکہ دنیا تو بنی ہی تاجدارحرم کے لیے ہے۔عاطف اسلم نے کہا کہ انڈسٹری کے پرانے آرٹسٹ کی تعریف کرنا بہت ضروری ہے، یہ ہمارا فخرہیں، جب وہ آرٹسٹ ہماری تعریف کرتے ہیں تو دل بڑا ہوجاتا ہے۔
وقت اشاعت : 12/10/2019 - 12:18:18

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :