عدنان صدیقی کا افواج پاکستان کو خراج تحسین ،ویڈیو سوشل میڈیا پر وائر ل

بدھ 23 اکتوبر 2019 21:12

عدنان صدیقی کا افواج پاکستان کو خراج تحسین ،ویڈیو سوشل میڈیا پر وائر ل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) عدنان صدیقی نے اپنی ایک اور ویڈیو شیئر کردی، جس میں وہ افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے نظر آئے۔تفصیلات کے مطابق 2017 میں گلوکار بلال خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ میں تینو سمجھاواں گانے کی گلوکاری کررہے تھے البتہ مداحوں کو حیرانی اس وقت ہوئی تھی جب انہوں نے عدنان صدیقی کو اس ویڈیو میں بانسری بجاتے دیکھا۔

اس کے بعد سے عدنان صدیقی نے خود اپنے اس ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے لاتے ہوئے کئی ویڈیوز شیئر کیں جبکہ ان کی گزشتہ سال عید کے موقع پر سامنے آئی ایک ویڈیو بھی خوب وائرل ہوئی تھی۔ویڈیو میں عدنان صدیقی نے عاطف اسلم کے گانے دل دیاں گلاں کی دھن پر بانسری بجائی تھی اور اب عدنان صدیقی نے اپنی ایک اور ویڈیو شیئر کردی، جس میں وہ افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے نظر آئے۔

(جاری ہے)

اداکار نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ میں تمام پاکستانیوں کی جانب سے پاک فوج کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جو اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر ہماری حفاظت کرتے ہیں تاکہ ہم اپنے گھروں میں آرام سے سو سکیں۔ویڈیو میں عدنان صدیقی نے اے راہ حق کے شہیدوں نغمے کی دھن پر بانسری بجائی۔انسٹاگرام پر اپنی ویڈیو شیئر کرنے کے ساتھ اداکار نے لکھا کہ اے راہ حق کے شہیدوں، اس ملی نغمے کو اصل میں نسیم بیگم نے پڑھا تھا، جس کے بعد میڈم نور جہاں نے بھی اسے گایا، میں جب یہ سنتا ہوں میری آنکھ میں آنسو آجاتے ہیں، وہ بیلوث خدمات جو ہمارے فوجی جوان کرتے ہیں ان کے بارے میں سوچا بھی نہیں جاسکتا، ہم میں سے ناجانے کتنے لوگوں کو اس بات کا اندازہ ہوگا کہ اگر ہم سکون میں ہیں تو اس کی ایک وجہ ہمارے فوجی جوان ہیں جو دن رات ملک کی حفاظت کررہے ہیں۔

عدنان صدیقی نے مزید لکھا کہ میں ان سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور اس گانے کے ذریعے انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آندھی آئے یا طوفان وہ اپنی ذمہ داریوں سے کبھی پیچھے نہیں ہٹتے۔
وقت اشاعت : 23/10/2019 - 21:12:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :