بہاولپور کے نواب خاندان کے فرد کو علیزے شاہ پسند آ گئی

علیزے شاہ کو 5 ہزار تولہ سونا حق مہر کے عوض شادی کی پیشکش کردی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 نومبر 2019 12:37

بہاولپور کے نواب خاندان کے فرد کو علیزے شاہ پسند آ گئی
بہاولپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 نومبر 2019ء) : بہاولپور کے نواب خاندان کے چشم و چراغ شکیل عباسی نے معروف ڈرامہ سیریل ''عہد وفا'' کی اداکارہ (دعا) علیزے شاہ کو 5 ہزار تولہ سونا حق مہر کے عوض شادی کی پیشکش کردی۔ تفصیلات کے مطابق بہاولپور کے نواب سر صادق محمد خان عباسی کے خاندان کے چشم و چراغ 60 سالہ شکیل عباسی نے معروف ڈرامہ عہد وفا میں کام کرنے والی 19 سالہ اداکارہ(دعا) علیزے شاہ سے شادی کی خواہش کا اظہار کردیا۔

شکیل عباسی نے کہا کہ میں نے اب تک شادی نہیں کی، شادی نہ کیے جانے کے سوال پر اُن کا کہنا تھا کہ اب تک زندگی میں کوئی لڑکی پسند ہی نہ آئی تھی اب ڈرامہ عہد وفا دیکھا تو اس میں دعا کا کردار کرنے والی لڑکی علیزے شاہ پسند آئی ہے اگر وہ مجھ سے شادی کرے تو میں اسے حق مہر کے عوض 5 ہزار تولہ سونا دینے کو تیار ہوں جس کی مالیت تقریباً 44 کروڑ روپے بنتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 5 ہزار تولہ سونا کا بندوبست کرنے کے لیے انہیں صرف دو ماہ کی مہلت درکار ہوگی۔ واضح رہے کہ مومنہ اینڈ درید پروڈکشن اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی مشترکہ پیشکش عہدوفا کی پہلی ہی قسط نے ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ۔ مذکورہ ڈرامہ پاکستان ملٹری اکیڈمی میں زیر تربیت چار دوستوں کی کہانی ہے جو اپنے وطن کی خاطر کوئی بھی قربانی دینے کو تیار ہیں۔

ڈرامے کے لکھاری مصطفیٰ آفریدی اور ہدایتکار سیفی حسن ہیں۔ عثمان خالد بٹ، احد رضا میر، وہاج علی اور احمد علی اکبر کے علاوہ زارا نور عباس، علیزے شاہ، حاجرہ یامین اور ونیزہ احمد بھی عہد وفا میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ ناظرین کا کہنا ہے کہ ڈرامہ سیریل عہد وفا بھی ماضی کے شہرہ آفاق ڈرامہ سیریل الفا براوو چارلی کی طرح ذہنوں پر انمٹ نقوش چھوڑ جائے گا۔
وقت اشاعت : 19/11/2019 - 12:37:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :