ملکہ غزل اقبال بانو کی 81 ویں سالگرہ ، گوگل کا خراج تحسین، ڈوڈل ان کے نام کردیا

ہفتہ 28 دسمبر 2019 11:21

ملکہ غزل اقبال بانو کی 81 ویں سالگرہ ، گوگل کا خراج تحسین، ڈوڈل ان کے نام کردیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2019ء) ملکہ غزل اقبال بانو کی ہفتہ کو 81 ویں سالگرہ منائی گئی اس موقع پر گوگل نے اٴْنہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنا نیا ڈوڈل اقبال بانو کے نام کردیا ہے۔بھارت کے شہر نئی دلی میں 1935 میں پیدا ہونے والی اقبال بانو کو بچپن سے ہی موسیقی سے لگائوتھا جسے پروان چڑھانے میں ان کے والد نے اہم کردارادا کیا۔

انہوں نے موسیقی کی تربیت استاد چاند خان سے حاصل کی اور1950 میں اپنی فنی زندگی کا آغاز آل انڈیا ریڈیو سے کیا۔ 1952 میں شادی کے بعد اپنے شوہر کے ہمراہ پاکستان آگئیں اورملتان میں رہائش پذیر ہوئیں تاہم شوہر کی وفات کے بعد ملتان سے لاہور منتقل ہوگئیں۔اقبال بانو کوغزل گائیکی کے ساتھ ساتھ کلاسیکل، نیم کلاسیکل، ٹھمری اوردادھرہ میں بھی خاص ملکہ حاصل تھا۔

(جاری ہے)

وہ اردو، پنجابی ، فارسی زبانوں پر مکمل عبور رکھتی تھیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے مختلف زبانوں میں غزل گائیکی میں اپنی خصوصی مہارت سے نمایاں مقام حاصل کیا۔انہوں نے فلم گمنام ، قاتل ، انتقام، سرفروش، عشق لیلی اور ناگن جیسی سپرہٹ فلموں میں گیت گائے۔فلم قاتل میں ان کی آواز میں گایا ہواگیت پائل میں گیت ہیں چھم چھم کے، تولاکھ چلے ری گوری تھم تھم کے نے ا نہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔انہیں 1990 میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ اقبال بانو 21اپریل 2009 کو 74 برس کی عمر میں مختصر علالت کے بعد جہان فانی سے کوچ کرگئی تھیں۔
وقت اشاعت : 28/12/2019 - 11:21:14

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :