میرے پاس تم ہو‘‘ جیسی شہرت اور دعائیں پورے کیریئر میں نہیں ملیں: ہمایوں سعید

بدھ 29 جنوری 2020 21:57

میرے پاس تم ہو‘‘ جیسی شہرت اور دعائیں پورے کیریئر میں نہیں ملیں: ہمایوں سعید
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جنوری2020ء) اداکار ہمایوں سعید نے ڈرامہ سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی شہرت اور لوگوں سے ملنے والی ڈھیروں محبت اور دعاؤں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ہدایت کار و مصنف خلیل الرحمان قمر کے ڈرامے’’میرے پاس تم ہو‘‘ نے وہ شہرت حاصل کی ہے کہ اس کا شماربلا شبہ پاکستان کی تاریخ کے یادگار ڈراموں میں کیا جائے گا۔

ڈرامے میں ہمایوں سعید، عائزہ خان، حرا مانی اورعدنان صدیقی نے مرکزی کردار نبھائے ہیں۔ ڈرامے کی مصنف اوراداکاروں سمیت پوری ٹیم کو لوگوں نے خوب پیار دیا۔ہمایوں سعید نیسوشل میڈیا پر ڈرامے کی غیر معمولی کامیابی اور لوگوں سے ملنے والی محبتوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے چند ماہ میں آپ سب نے جتنا پیاردیا اور جتنی دعاؤں سے نوازا اس کے لیے بے حد شکریہ۔

(جاری ہے)

ڈرامہ سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘کی کامیابی پر جتنی دعائیں مجھے ملیں اتنی مجھے میرے پورے کریئر میں نہیں ملیں۔ہمایوں سعید نے پاکستان کے علاوہ بیرون ممالک مقیم شائقین کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے نہ صرف ڈرامہ دیکھا بلکہ اسے پسند بھی کیا اور کہا کہ آپ کی محبتوں نے اس ڈرامے کو بلاک بسٹر بنایا۔ یہ صرف میری یا میری ٹیم کی کامیابی نہیں ہے بلکہ ہماری پوری ڈراما اورفلم انڈسٹری کی کامیابی ہے۔

واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی غیر معمولی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اس کی آخری قسط سینمامیں ریلیز کی گئی تھی جسے دیکھنے شائقین کی بہت بڑی تعداد پہنچی۔ تاہم ڈرامے کے مرکزی کردار دانش (ہمایوں سعید)کی موت نے جہاں شائقین کو جذباتی کیا وہیں بہت سے لوگ ڈرامے کے اختتام سے مطمئن نظر نہیں آئے۔
وقت اشاعت : 29/01/2020 - 21:57:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :