"مکہ کی بیٹی" نامی گیت کی ویڈیو ریلیز کرنے والی سعودی لڑکی کو گرفتار کرنے کا حکم

گلوکارہ اصایلی کی گرفتاری کے احکامات گورنر مکہ شہزادہ خالد بن فیصل نے جاری کیے، سوشل میڈیا پر لوگوں نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے گلوکارہ کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا

muhammad ali محمد علی منگل 25 فروری 2020 00:28

"مکہ کی بیٹی" نامی گیت کی ویڈیو ریلیز کرنے والی سعودی لڑکی کو گرفتار کرنے کا حکم
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24فروری 2020ء) "مکہ کی بیٹی" نامی گیت کی ویڈیو ریلیز کرنے والی سعودی لڑکی کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا گیا، گلوکارہ اصایلی کی گرفتاری کے احکامات گورنر مکہ شہزادہ خالد بن فیصل نے جاری کیے، سوشل میڈیا پر لوگوں نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے گلوکارہ کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق کچھ روز قبل مکّہ مکرمہ میں چند مقامی لڑکیوں نے یورپی ناچ کرتے ہوئے اس کی ویڈیو بھی بنا کر سوشل میڈیا پر ریلیز کی گئی تھی۔

۔ایک ڈانسر نے اس ویڈیو میں خود کو بڑے فخر سے ’مکّہ کی بیٹی‘ بتایا۔

مذکورہ ویڈیو  میں گلوکارہ اصایلی خود حجاب پہنے مکہ مکرمہ کے مختلف ہوٹلوں اور چائے خانوں میں گلوکاری کرتی دکھائی دیں۔

(جاری ہے)

جبکہ اصایلی کے علاوہ ویڈیو میں دکھائی دینے والی دیگر کم عمر لڑکیاں بھی مکمل لباس میں تھیں۔ گلوکارہ کا کہنا ہے کہ ان کی ویڈیو کا مقصد یہا پیغام دینا تھا کہ مکہ کی لڑکیاں بہت خوبصورت ہوتی ہیں اور اس شہر کے لوگ دوسرے شہر کی لڑکیوں کی بہت عزت کرتے ہیں۔

اس ویڈیو کو جہاں بہت سے لوگوں نے پسند کیا، وہیں بہت سے لوگ اس ویڈیو کو دیکھ کر مشتعل بھی ہوئے۔ مشتعل لوگوں نے مطالبہ کیا کہ ویڈیو بنانے والی لڑکی کو گرفتار کیا جائے۔ سوشل میڈیا کے ردعمل کو دیکھتے ہوئے گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے متعلقہ اداروں کو احکامات صادر کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ گروپ میں شامل تمام افراد کو گرفتار کرکے واقعہ کی تحقیقات کی جائے۔

گورنر مکہ نے اس واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی موسیقی ہماری ثقافت اور اقدار کے خلاف ہے۔ گورنر نے متعلقہ اداروں کو حکم دیا ہے کہ مذکورہ گروپ کے خلاف تحقیقات کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ تاہم آخری اطلاعات تک ویڈیو ریلیز کرنے والی لڑکی یا اس کے گروپ کے کسی بھی فرد کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
وقت اشاعت : 25/02/2020 - 00:28:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :