می ٹو مہم کی وجہ بننے والے ہاروی وائنسٹن ریپ کے کیسز میں مجرم قرار

فیصلے کے بعد ہاروی وائنسٹن کو ہتھکڑیاں لگا کر جیل بھیج دیا گیا ،ضمانت منسوخ ، پروڈیوسر کو سزا 11 مارچ کوسزا سنائی جائے گی

منگل 25 فروری 2020 12:56

می ٹو مہم کی وجہ بننے والے ہاروی وائنسٹن ریپ کے کیسز میں مجرم قرار
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2020ء) ہولی وڈ کے متنازع پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کو می ٹو تحریک کے تاریخ ساز فیصلے میں مجرم قرار دے دیا گیا ہے۔نیویارک کی عدالت میں ہولی وڈ پروڈیوسر کو 2 مختلف خواتین پر جنسی حملے اور ریپ کا مرتکب قرار دیا گیا۔میڈیاروپرٹس کے مطابق کئی ہفتوں کی سماعت کے دوران کئی خواتین نے اپنے بیانات میں پروڈیوسر کی جانب سے ریپ، جنسی استحصال اور دیگر متعدد باتوں کا ذکر کیا تھا۔

جیوری نے ہاروی وائنسٹن کے خلاف الزامات پر 5 دن تک غور کیا اور گزشتہ روزیہ فیصلہ سنایا تاہم پروڈیوسر کو 3 دیگر کیسز میں مجرم قرار نہیں دیا گیا، جن کے ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنائی جاسکتی تھی۔فیصلے کے بعد ہاروی وائنسٹن کو ہتھکڑیاں لگا کر جیل بھیج دیا گیا جبکہ ضمانت منسوخ کردی گئی، پروڈیوسر کو سزا 11 مارچ کو سنائی جائے گی۔

(جاری ہے)

ہاروی وائنسٹن کے خلاف کیس 3 الزامات پر مبنی تھا، پہلا 2013 میں ایک ہوٹل کے کمرے میں ایک ابھرتی ہوئی اداکارہ جیسیکا من پر جنسی حملہ اور ریپ، دوسرا 2006 میں پروڈکشن اسسٹنٹ مریم ہیلی کو زبردستی جنسی استحصال کا نشانہ بنانے اور تیسرا 1990 کی دہائی میں اداکارہ اینا بیلا شیورہ کو ان کے اپارٹمنٹ میں ریپ کا نشانہ بنانا تھا۔

2 مقدمات میں پروڈیوسر کو مجرم قرار دیا گیا مگر اینابیلا کے معاملے میں انہیں مجرم نہیں ٹھہرایا گیا۔ہولی وڈ پروڈیوسر کو جیسیکا من کے کیس میں تھرڈ ڈگری ریپ اور مریم ہیلی کے کیسز میں فرسٹ ڈگری جنسی حملے کا مرتکب قرار دیا گیا۔جیسیکا من کے مقدمے میں ہاروی وائنسٹین کو زیادہ سے زیادہ 4 جبکہ مریم ہیلی کے کیس میں کم از کم 5 سال اور زیادہ سے زیادہ 25 سال تک قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔

جیوری کے اراکین کو اینا بیلا شیورہ کے الزامات پر غور و خوض کرتے ہوئے 4 دن تک مشکلات کا سامنا ہوا اور جمعے کو ان کے بیان اور متعلقہ شواہد پر نظرثانی کرنے کے بعد جج کو مراسلہ ارسال کیا جس میں کہا گیا کہ ہاروی وائنسٹن کے خلاف 2 سنگین نوعیت کے الزامات (فوجداری مقدمات) پر جیوری میں ڈیڈلاک پیدا ہوگیا، لیکن دیگر 3 کم سنگین نوعیت کے الزامات پر فیصلہ کر لیا گیا ہے۔جیوری کے سامنے ہولی وڈ کی مشہور اداکارہ و ماڈل ڈان ڈننگ، ماڈل ترالے وولف، ماڈل و اداکارہ مریم ہیلی، اداکارہ اینابیلا شیورہ، اداکارہ و ماڈل لورین ینگ اور میک اپ آرٹسٹ، ہیئر ڈریسر و اداکارہ جیسیکا من پیش ہوئیں۔
وقت اشاعت : 25/02/2020 - 12:56:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :