ح*پاکستان میں کسی بھی موقع پر خود کو غیر محفوظ تصور نہیں کیا : کرس لین

بدھ 26 فروری 2020 21:30

ے لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 فروری2020ء) پاکستان سپر لیگ فائیو کیلئے لاہور قلندرز کی ٹیم میں شامل آسٹریلوی بلے باز کرس لین نے کہاہے کہ پاکستان میں ایک ہفتے کے قیام کے دوران بہت لطف اندوز ہوا ہوں اور کسی بھی موقع پر خود کو غیر محفوظ تصور نہیں کیا۔آسٹریلیا سے تعلق ر کھنے والے کرس لین نے ملتان سلطانز کے خلاف پہلے میچ میں تو 19 گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے جبکہ دوسرے میچ میں وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف صرف 11 رنز ہی بنا سکے۔

ایک انٹرویو میں کرس لین نے کہا کہ انہیں پاکستان آئے ہوئے ایک ہفتہ ہو گیا ہے، اس ایک ہفتے میں بہت لطف اندوز ہوا ہوں، دو مرتبہ گولف بھی کھیلنے گیا اور دو میچوں میں ہی شکست ہوئی لیکن لیگ میں ایسا ہو جاتا ہے، ہمیں اس وقت ایک جیت کی تلاش ہے تاکہ ہم فتح کے راستے پر آسکیں۔

(جاری ہے)

آسٹریلوی بلے باز نے کہا کہ وہ پاکستان پہلی مرتبہ آئے ہیں، اس لیے انہیں اندازہ نہیں تھا کہ انہیں کیا توقعات رکھنی چاہئیں لیکن یہاں اپنے بہت فینز دیکھے، ان کے ساتھ ملنا اور ان کا جوش دیکھ کر اچھا لگا، امید ہے کہ ان کی موجودگی میں مزید رنز کروں گا اور چھکے بھی ماروں گا، اس کی مجھے ضرورت بھی ہے۔

ٹیم کی شکستوں کے بارے میں کرس لین نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا یہ سب حصہ ہے، اس وقت ہم ہارے ضرور ہیں لیکن انفرادی کارکردگی شاندار رہی ہیں، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حفیظ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، ہمیں گروپ کی شکل میں جیت کے لیے کھیلنا ہو گا، ٹیم اچھا کھیل سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کا رسپانس بھی اچھا ہے، بیس ہزار لوگ اسٹیدیم میں میچ دیکھنے کیلئے آئے، وہ ٹیم کو جیتتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے میں مزید رنز کرنا چاہوں گا۔

انہوںنے کہاکہ ہمیں صبر کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور اعصاب پر قابو پانا ہو گا، پریشانی اور گھبراہٹ کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔کرس لین پی ایس ایل کے دوران کیے جانے والے انتظامات سے بہت مطمئن ہیں، پی سی بی نے جو کچھ کیا ہے وہ غیر معمولی ہے، پی سی بی نے کرکٹ کی واپسی کے لیے بہت کچھ کیا ہے، اس سے میں متاثر ہوا ہے۔
وقت اشاعت : 26/02/2020 - 21:30:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :