ماہرہ خان نے عورت مارچ منتظمین کو متنازعہ نعروں اور پلے کارڈز کے استعمال سے گریز کرنے کا مشورہ دے دیا

کوشش کی جائے کہ مسائل کی نشاندہی کیلئے مارچ کے دوران ایسے پیغامات استعمال کیے جائیں جو عام لوگوں کو باآسانی سمجھ آ سکیں

muhammad ali محمد علی جمعہ 6 مارچ 2020 23:10

ماہرہ خان نے عورت مارچ منتظمین کو متنازعہ نعروں اور پلے کارڈز کے استعمال سے گریز کرنے کا مشورہ دے دیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مارچ 2020ء) ماہرہ خان نے عورت مارچ منتظمین کو متنازعہ نعروں اور پلے کارڈز کے استعمال سے گریز کرنے کا مشورہ دے دیا، کوشش کی جائے کہ مسائل کی نشاندہی کیلئے مارچ کے دوران ایسے پیغامات استعمال کیے جائیں جو عام لوگوں کو باآسانی سمجھ آ سکیں ۔ تفصیلات کے مطابق اداکارہ ماہرہ خان نے بھی عورت مارچ میں استعمال کیے جانے والے متنازعہ نعروں اور پلے کارڈز کے استعمال کی مخالفت کر دی ہے۔

ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ عورت مارچ کے منتظمین کوشش کریں کہ مارچ کے دوران متنازعہ نعروں اور پلے کارڈز کا استعمال نہ کیا جائے۔ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ عورت مارچ کے دوران ایسے آسان پیغامات کا استعمال کیا جائے جن کی مدد سے حقیقی مسائل کی درست نشاندہی ہو سکے، جبکہ یہ پیغامات عام لوگوں کو بھی آسانی سے سمجھ آ سکیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اداکارہ ماہرہ خان کی جانب سے یہ بیان عورت مارچ میں متنازعہ نعروں اور پلے کارڈ کے استعمال پر کی جانے والے پابندی کے بعد سامنے آیا ہے۔

سول سوسائٹی کی خواتین 8 مارچ بروز اتوار کو اسلام آباد میں عورت مارچ کا انعقاد کررہی ہیں۔ مارچ کا مقصد ملک میں ظلم و ستم اور ناانصافی کا شکار خواتین کیلئے آواز بلند کرنا ان کو حقوق دلوانا ہے۔ تاہم گزشتہ برس کے مارچ میں آویزاں کیے گئے کچھ پلے کارڈز کی وجہ سے عورت مارچ کا معاملہ متنازعہ حیثیت اختیار کر گیا، اور حالیہ کچھ روز کے دوران اس کی اچھی خاصی مخالفت کی گئی ہے۔

تاہم اب عدالت اور حکومت دونوں کی جانب سے سول سوسائٹی کو عورت مارچ کے انعقاد کی اجازت دے دی گئی ہے۔ عورت مارچ کے ایونٹ کو پاکستان کی شوبز انڈسٹری کی اکثریت کی حمایت حاصل ہے۔ تاہم عورت مارچ کی حمایت کرنے والی بیشتر شوبز شخصیات بھی متنازعہ نعروں اور پلے کارڈز کے استعمال کا دفاع کرنے سے گریزاں ہیں۔
وقت اشاعت : 06/03/2020 - 23:10:44

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :