نواز شریف کی ہدایت پر رانا ثنا اللہ نے لیجنڈ اداکار امان اللہ مرحوم کی رہائشگاہ پر جا کر اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی

سابق نواز شریف امان اللہ کے بہت بڑے مداح ہیں، امان اللہ بڑے فنکار اور بہترین انسان تھے‘ صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب

ہفتہ 7 مارچ 2020 18:54

نواز شریف کی ہدایت پر رانا ثنا اللہ نے لیجنڈ اداکار امان اللہ مرحوم کی رہائشگاہ پر جا کر اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی
لاہو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی ہدایت پر مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان نے لیجنڈ اداکار امان اللہ مرحوم کی رہائشگاہ پر جا کر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ محمد نواز شریف کو جب لیجنڈ اداکار امان اللہ کے انتقال کی خبر ملی تو انہوں نے اظہار افسوس کیا، نواز شریف امان اللہ کے بہت بڑے مداح ہیں، امان اللہ بڑے فنکار اور بہترین انسان تھے، نصف صدی تک فن کی خدمت کرنا معمولی بات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ امان اللہ بہت بڑے فنکار تھے ،میری30 برس سے ان سے جان پہچان تھی ،امان اللہ کی ہر بات پر لوگ قہقہے لگاتے تھے ، انہوں نے تھیٹر، فلم اور ٹی وی کو پچاس برس دئیے ،امان اللہ کے حکم پر دو مرتبہ ٹی وی پروگرام میں گیا۔

(جاری ہے)

امان اللہ نے بڑی بھرپور زندگی گزاری ،انہوںنے اپنے فن کو اتنی بلندی پر پہنچا دیا ہے کہ ان کی کمی پوری نہیں ہوسکتی ۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا انڈسٹری میں فنکاروں سے لے کر رپورٹر اور سب لوگ دوسروں کے معاملات کو ہائی لائٹ کرتے ہیں لیکن خود کے معاملات کو ہائی لائٹ نہیں کرپاتے ۔ایسا کوئی ادارہ وجود میں نہیں آسکا جو فنکاروں اور صحافیوں کی سپورٹ کرسکے،سابق وزیر اعلی شہباز شریف تک جب بھی کسی فنکار کی خبر پہنچتی تو اس کی مدد کی جاتی تھی ،فنکار برادری کو اپنی ایک ایسی تنظیم بنانی چاہیے جو اس حوالے سے قدم بڑھائے۔فنکار برادری خود یہ مطالبہ کرے کہ ان کی فلاح کے لئے فوری ادارہ بنایا جائے ،ہمارے کچھ بھی کرنے سے کچھ نہیں ہوتا جب تک آپ سب خود نہ چاہیں۔
وقت اشاعت : 07/03/2020 - 18:54:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :