کورونا کی وباء کو پھیلنے سے بچانے کیلئے شہریوں سے بھرپور تعاون کی اپیل، عوام الناس کو اپنے اردگرد کورونا کے مشتبہ مریضوں پر نظر رکھنے اورمریض کے نام و مکمل ایڈریس کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت،کوئیک رسپانس کیلئے خصوصی ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کر دیا گیا، ترجمان ضلعی انتظامیہ

بدھ 25 مارچ 2020 15:15

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2020ء) فیصل ۱ٓباد انتظامیہ نے کورونا کی وباء کو پھیلنے سے بچانے کیلئے شہریوں سے بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے اورعوام الناس کو اپنے اردگرد کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں پر نظر رکھنے اورمریض کے نام و مکمل ایڈریس کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے جبکہ کوئیک رسپانس کیلئے خصوصی ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کردیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ کورنا وائرس کے خلاف جنگ عوام کے تعاون سے ہی جیتی جا سکتی ہے ۔

ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے بتایاکہ ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی اطلاع کیلئے ہیلپ لائن نمبرجاری کردئیے ہیںلہٰذاشہری اپنے اردگرد کورونا وائرس کے مشتبہ مریض کے نام و مکمل ایڈریس کی اطلاع فون نمبرز041-9201491اور 041-9201492 پردے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے حوالے سے ہر لمحے بدلتی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے اور تمام ریاستی ادارے ملک میں کسی بھی طرح کی غیر یقینی کی صورتحال اور افراتفری کو روکنے کیلئے اپنا بھر پور ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام حالات کے تناظر میں حکومت اور حکومتی اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون سمیت حکومتی ہدایات پر عمل کریں اورکورونا وائرس کے خلاف صف آراء رہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ لاک ڈاؤن کے دوران حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنی سرگرمیاں محدود رکھیں تاکہ اس بیماری اور اس کے پھیلائو سے بچا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت جو بھی اقدامات اٹھا رہی ہے وہ صرف اور صرف عوام کی بہتری کیلئے ہیں اور مذکورہ احتیاطی اقدامات کا مقصد عوام کو کورنا وائرس سے بچانا ہے۔

دوسری جانب پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام کورونا وائرس سے بچائو کے اقدامات کے تحت روزانہ کی بنیاد پر 500فیس ماسک الائیڈ ہسپتال انتظامیہ کے ذریعے ہسپتال سے رجوع کرنیوالے مریضوں ولواحقین میں تقسیم کرائے جارہے ہیں ۔ پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے ترجمان نے بتایا کہ سوسائٹی کورونا وائرس سے بچائو کیلئے حکومتی اقدامات میں شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے بھی آگاہی دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
وقت اشاعت : 25/03/2020 - 15:15:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :