کورونا وائرس، دنیا بھر میں فلائٹس آپریشن معطل

پاکستانی فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ کی کاسٹ تھائی لینڈ میں پھنس گئی ہم لوگ بینکاک سے 4 گھنٹے کی دوری پر ایک جنگل کے قریب ہیں یہ جگہ کافی محفوظ ہے،شمعون عباسی

ہفتہ 28 مارچ 2020 13:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2020ء) دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تیزی سے پھیلتی وبا کے باعث کئی ممالک میں فلائٹ آپریشنز بھی معطل کردیئے گئے جس کی وجہ سے پاکستان کی جلد ریلیز ہونے والی فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ کی کاسٹ بھی تھائی لینڈ میں پھنس گئی۔فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ کی شوٹنگ اس وقت شروع ہوچکی تھی جنب عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کو عالمی وباء بھی قرار نہیں دیا تھا۔

فلم میں اہم کردار نبھانے والے شمعون عباس نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’فلم کی آدھی ٹیم رواں سال فروری کے آخر میں تھائی لینڈ پہنچ گئی تھی، اس وقت کورونا وائرس کا خطرہ کافی کم تھا‘۔انہوں نے بتایا کہ ‘فلم کی کاسٹ میں حسن شہریار یاسین، مانی، مصطفی چوہدری، علی کاظمی اور صنم سعید شامل ہیں، البتہ سارہ لورین اور میں کچھ عرصہ بعد فلم کی کاسٹ کا حصہ بنے۔

(جاری ہے)

شمعون عباسی کے مطابق ’جب ہم تھائی لینڈ پہنچ گئے تو اس کے بعد چیزیں مشکل ہونا شروع ہوئیں، پہلے یہ وائرس چین میں پھیلاجس کے بعد اس نے مغربی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور پھر یہ پاکستان میں بھی پھیل گیا۔انہوں نے بتایا کہ مانی، حسین شہریار، علی کاظمی اور مصطفی چوہدری تو پاکستان واپس آگئے تاہم باقی کاسٹ کی فلائٹ 25 مارچ کی تھی، لیکن تب تک ایئرپورٹس بند کردیئے گئے۔

اداکار کے مطابق اب وہ 4 اپریل کا انتظار کررہے ہیں تاکہ وہ پاکستان واپس جاسکیں۔اداکارہ صنم سعید نے تصدیق کی کہ وہ فلم کی باقی ٹیم کے ساتھ تھائی لینڈ میں محفوظ ہیں۔شمعون عباسی نے کہا کہ ’ہم لوگ بینکاک سے 4 گھنٹے کی دوری پر ایک جنگل کے قریب ہیں لیکن یہ جگہ کافی محفوظ ہے‘۔اداکار نے بتایا کہ فلم کی کاسٹ کے تھائی لینڈ میں موجود ہونے پر بھی انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔شمعون عباسی نے کہا کہ مداحوں نے سوال کیا کہ وہ اس مشکل وقت میں اپنے خاندان کو چھوڑ کر آخر تھائی لینڈ گئے ہی کیوں، اس پر انہوں نے جواب دیا کہ ’ہم بھی اپنے گھروں سے دور ہونے پر کافی پریشان ہیں اور اس بات کی اور پریشانی ہے کہ پاکستان میں بھی کورونا متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
وقت اشاعت : 28/03/2020 - 13:30:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :