کورونا سے متاثرہ افراد کیلئے فنڈ جمع کرنے کی منفرد ’’آل ان چیلنج‘‘ مہم

آن لائن شروع کی گئی فنڈر جمع کرنے کی مہم میں اب تک لیونارڈو ڈی کیپریو، جسٹن بیبر، ایلن ڈی جینرز اور ایلکس ردریگز سمیت درجنوں معروف شخصیات شامل ہو چکی ہیں

جمعہ 17 اپریل 2020 12:22

کورونا سے متاثرہ افراد کیلئے فنڈ جمع کرنے کی منفرد ’’آل ان چیلنج‘‘ مہم
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2020ء) دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اگرچہ شوبز، اسپورٹس و فیشن شخصیات سمیت کاروبار و سیاسی شخصیات نے بھی لاکھوں روپے فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔تاہم کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے فنڈ جمع کرنے کی ایک منفرد مہم ’’آل ان چیلنج‘‘ شروع کی گئی جس کے تحت اداکار، اسپورٹس شخصیات، ٹی وی، فیشن و ماڈلنگ سمیت دیگر شعبہ جات سے منسلک افراد اپنے مداحوں کو فنڈ جمع کرانے کی پیش کش کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکا کے ایک کاروباری شخص کی جانب سے آن لائن شروع کی گئی فنڈر جمع کرنے کی مہم میں اب تک لیونارڈو ڈی کیپریو، جسٹن بیبر، ایلن ڈی جینرز اور ایلکس ردریگز سمیت درجنوں معروف شخصیات شامل ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس منفرد فنڈ جمع کرنے والے منصوبے کے تحت نہ صرف ہولی وڈ اداکار، موسیقار، فنکار، ٹی وی آرٹسٹ بلکہ اسپورٹس شخصیات بھی اپنے مداحوں کو زیادہ سے زیادہ فنڈ جمع کرنے کی ہدایات کر رہی ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مذکورہ آل ان چیلنج فنڈر جمع کرنے کی مہم کے ذریعے دراصل معروف شخصیات اپنے مداحوں کو فنڈ جمع کرانے کے بدلے مختلف خدمات کی پیش کش کر رہی ہیں۔مذکورہ مہم کے درمیان کچھ اداکاروں نے مداحوں کو پیش کش کی ہے جو سب سے زیادہ چندہ جمع کروائے گا، انہیں اداکار کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع فراہم کیا جائے گا، اسی طرح کسی نے مداحوں کو ساتھ رات کا کھانا اور کسی نے دوپہر کا کھانا ساتھ کھانے کی پیش کش کی۔

کچھ شخصیات نے مداحوں کو ایک ساتھ فلم کی شوٹنگ پر وقت گزارنے یا کسی تقریب میں ایک ساتھ شرکت کرنے یا پھر کسی میوزک فیسٹیول میں ایک ساتھ شریک ہونے کی پیش کش بھی کی۔اداکارہ و ٹی وی میزبان ایلن ڈی جینرز نے مداحوں کو پیش کش کی کہ وہ سب سے زیادہ فنڈ دینے والے مداح کے ساتھ ایک ٹی وی پروگرام کریں گی۔
وقت اشاعت : 17/04/2020 - 12:22:30

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :