”شدھ دیسی رومانس“ کے پہلے گانے”تیرے میرے بیچ میں“کی وڈیو جاری

بدھ 24 جولائی 2013 13:28

ممبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 24جولائی 2013ء)یش راج بینر تلے پری نیتی چوپڑا اور سوشانت سنگھ راجپوت کی آنے والی رومانٹک کامیڈی فلم ”شدھ دیسی رومانس“ کے ٹریلر کے بعد پہلے رومانٹک گانے کی ویڈیو بھی جاری کردی گئی ہے۔ جے دیپ سہانی کے تحریر کردہ ”تیرے میرے بیچ میں“ کے بولوں پر مبنی اس گانے کو معروف پلے سنگرز موہت چوہان اور سونیدھی چوہان کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے جس میں سوشانت اور پری نیتی ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار موڈ میں نظر آرہے ہیں جبکہ گانے سمیت فلم کا میوزک سچن جگر نے ترتیب دیا ہے۔

(جاری ہے)

”بینڈ باجا بارات“ اور ”چک دے“ سے شہرت حاصل کرنے والے منیش شرما کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں پری نیتی اور سوشانت کے ساتھ رشی کپور اور وانی کپور اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ادیتیا چوپڑا کی پروڈیوس کردہ اس فلم کا اسکرین پلے جے دیپ سہانی نے تحریر کیا ہے جس کی کہانی چھوٹے قصبے کی لڑکی گائیتری (پری نیتی) اور راگھو (سوشانت)کے درمیان پروان چڑھتے پیار کے گرد گھومتی ہے۔ بالی ووڈ میں سوشانت اور پری نیتی کی نئی جوڑی متعارف کرواتی یہ فلم ”شدھ دیسی رومانس“ 13ستمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
وقت اشاعت : 24/07/2013 - 13:28:34

Rlated Stars :