بھارتی پروڈیوسر گلڈ آف انڈیا کے سی ای او کلمیت مکر 60 سال کی عمر میں انتقال کرگئے

دل کا دورہ پڑنے سے انہیں فوری ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے ًرشی کپور اور عرفان خان کے بعد بالی ووڈ کیلئے تیسری موت پر نامور شخصیات غم میں مبتلا

ہفتہ 2 مئی 2020 22:24

بھارتی پروڈیوسر گلڈ آف انڈیا کے سی ای او کلمیت مکر 60 سال کی عمر میں انتقال کرگئے
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2020ء) بھارتی فلم اینڈ ٹیلی ویژن پروڈیوسر گلڈ آف انڈیا کے سی ای او کلمیت مکر 60 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ کلمیت مکر کو دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد انہیں فوری ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد بولی وڈ سے تعلق رکھنے والی کئی نامور شخصیات نے سوشل میڈیا پر افسوس کا اظہار کیا۔

فلم پروڈیوسر اور ہدایت کار کرن جوہر نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ کلمیت تم پروڈیوسر گلڈ آف انڈیا کا مضبوط سہارا تھے، انڈسٹری کو آگے بڑھانے کے لیے جدوجہد میں مصروف رہے، تم اس دنیا سے بہت جلدی چلے گئے، ہم سب کو تم ہمیشہ یاد رہو گے۔ہدایت کار ہنسل مہتا نے اپنی ٹوئٹ میں دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اور اب کلمیت، میرے دوست تم سکون میں رہو۔

(جاری ہے)

فلم ساز سبھاش گھائے نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ بولی وڈ کو ایک اور جھٹکا، کلمیت مکر کا دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال ہوگیا، ہمارا دوست جو انڈسٹری کی آواز تھا، ہم سب آپ کو یاد رکھیں گے۔خیال رہے کہ یہ بولی وڈ میں لگاتار ایک ہفتے میں تیسری موت ہے۔نامور اداکار عرفان خان کا انتقال 29 اپریل 2020 کو ممبئی میں ہوا، اداکار کو ممبئی کے ایک ہسپتال میں اس وقت داخل کرایا گیا جب ان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی۔اس کے اگلے ہی روز یعنی 30 اپریل کو لیجنڈری اداکار رشی کپور کے انتقال کی خبر سامنے آگئی۔رشی کپور 67 سال کی عمر میں ممبئی کے سر ایچ ایم ریلائنس فانڈیشن ہسپتال میں زندگی کی بازی ہارگئے تھے۔۔
وقت اشاعت : 02/05/2020 - 22:24:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :