کورونا وائرس کے سبب سال 2021 کے لیے آسکر ایوارڈز کے اصول و ضوابط تبدیل

ہفتہ 2 مئی 2020 22:49

کورونا وائرس کے سبب سال 2021 کے لیے آسکر ایوارڈز کے اصول و ضوابط تبدیل
لاس اینجلس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2020ء) کورونا وائرس کے سبب سال 2021 کے لیے 93ویں آسکر ایوارڈز کے اصول و ضوابط میں ایک سال کے لیے تبدیلی کرتے ہوئے آسکر ایوارڈز کے لیے سانڈ مکسنگ اور سانڈ ایڈیٹنگ کی کیٹیگریز کو ضم کرنے پر اتفاق کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق روایتی طور پر اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنسز صرف ایسی فلموں کو آسکر ایوارڈز کے مقابلے کے لیے اہل سمجھتی ہے جن کی نمائش لاس اینجلس کے سنیما گھروں میں کم از کم 7دن تک ہو چکی ہو لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے 2021کے لیے آسکر ایوارڈز میں سنیما میں ریلیز نہ ہونے والی فلمیں بھی شامل ہوں گی۔

واضع رہے کہ اکیڈمی کی جانب سے منگل کو کیے جانے والے اعلان میں کہا گیا ہے کہ اگلے سال ہونے والے 93ویں ایوارڈز کے لیے ایسی فلمیں بھی اہل ہوں گی جن کی نمائش سنیما گھروں میں پہلے سے طے تھی اور جو اب کمرشل اسٹریمنگ پر موجود ہیں۔اکیڈمی کے صدر ڈیوڈ روبن اور سی ای او ڈان ہڈسن کا کہنا ہے کہ نیا قانون عارضی استثنی ہے تھیٹر کے دوبارہ کھلنے کے بعد فلموں کو سنیما ہالز میں پیش کرنے کی شرط دوبارہ نافذ ہوجائے گی۔اکیڈمی کے مطابق 93ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب اگلے سال 28 فروری کو طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوگی۔۔
وقت اشاعت : 02/05/2020 - 22:49:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :