مجھے کورونا ہوگیا تھا لیکن اب صحت مند ہوں، میڈونا

میڈونا نے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونے والے اپنے میوزک کنسرٹ کو منسوخ کردیا تھا میڈونا سے قبل بھی متعدد شوبز شخصیات کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے تھے ‘ اب کئی صحت یاب ہوچکے ہیں

جمعہ 8 مئی 2020 11:24

مجھے کورونا ہوگیا تھا لیکن اب صحت مند ہوں، میڈونا
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2020ء) امریکی پاپ گلوکارہ، اداکارہ و لکھاری 61 سالہ میڈونا نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئی تھیں، تاہم اب وہ صحت مند ہیں۔میڈونا سے قبل بھی متعدد شوبز شخصیات کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے تھے اور ان میں سے اب کئی صحت یاب ہوچکے ہیں۔رواں برس 10 مارچ کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث میڈونا نے یورپی ملک فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونے والے اپنے میوزک کنسرٹ کو منسوخ کردیا تھا۔

میڈونا نے اگرچہ مارچ میں ہونے والے میوزک کنسرٹ کو منسوخ کردیا تھا تاہم انہوں نے فروری میں پیرس میں ہونے والے ایک کنسرٹ میں پرفامنس کی تھی اور وہ اپنی ٹیم سمیت دیگر آرٹسٹس کے ہمراہ پیرس موجود تھیں۔مارچ میں پیرس کی موجودگی کے دوران ہی کورونا کی طبیعت خراب ہوگئی تھی اور اب انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ وہ مارچ میں کورونا کا شکار ہوگئی تھیں اور اس وقت انہیں بھی لگا کہ وہ کورونا کا شکار نہیں ہوئیں بلکہ انہیں شدید نزلہ و زکام ہوا ہے۔

(جاری ہے)

میڈونا نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ وہ مارچ کے وسط سے قبل ہی کورونا کا شکار ہوگئی تھیں اور اس بات کو 7 ہفتے گزر گئے لیکن اب وہ صحت مند ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے علاوہ دیگر افراد بھی بیمار ہوگئے تھے اور ہم سب کا خیال تھا کہ ہمیں موسمی نزلہ و زکام ہوا ہے۔میڈونا نے 6 مئی کو انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ اب وہ بالکل صحت مند ہیں اور اپنے مداحوں کو تاکید کی کہ وہ کورونا جیسی وبا کے حوالے سے گمان میں نہ رہیں اور اس متعلق افواہوں پر یقین نہ رکھیں۔
وقت اشاعت : 08/05/2020 - 11:24:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :