اطہر شاہ خان جیدی انتقال کر گئے

اتوار 10 مئی 2020 12:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2020ء) نامور اداکار اطہر شاہ خان جیدی انتقال کر گئے۔ ممتاز شاعر ، ڈرامہ نگار، فلم ساز اور ٹیلی ویژن کے کردار جیدی سے شہرت حاصل کرنے والے منجھے ہوئے 78سالہ مرحوم اداکار اطہر شاہ خان جیدی کئی برس سے شوگر اور گردے کے مرض میں مبتلا تھے اور شدید علالت کے بعد اداکار بروز اتوار انتقال کرگئے ۔

اطہر شاہ خان جیدی1943میں بھارت کے شہر رام پور میں پیدا ہوئے اور 1947میں اپنے خاندان کے ساتھ لاہور آگئے۔ انہوں نے لاہور سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد پشاور سے سیکنڈری تک پڑھا اور پھر کراچی میں اٴْردو سائنس کالج سے گریجویشن کیا، بعدازاں انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے صحافت کے شعبے میں ماسٹرز کیا۔ جیدی نے ریڈیو پاکستان میں کیریئر کا آغاز کرنے کے بعد ٹیلی ویژن کی دنیا میں قدم رکھا ۔

(جاری ہے)

ان کا شمار ٹیلی ویڑن کے ابتدائی ڈرامہ نگاروں اور فن کاروں میں کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے 700 سے زیادہ ڈرامے لکھے ہیں ، اطہر شاہ خان کے مشہور ڈرامہ سیریل میں ’’انتظار فرمائیے‘‘، ’’ہیلو ہیلو‘‘، ’’جانے دو‘‘، ’’برگر فیملی‘‘، ’’آشیانہ‘‘، ’’آپ جناب‘‘، ’’جیدی اِن ٹربل‘‘،’’ پرابلم ہائوس‘‘، ’’ہائے جیدی‘‘، ’’کیسے کیسے خواب‘‘،’’ بااًدب با ملاحظہ ہوشیار‘‘ اور دیگر ڈرامے شامل ہیں۔2001ء میں مرحوم اداکار کو حکومت پاکستان کی جانب سے ’’پرائیڈ آف پرفارمنس ‘‘ایوارڈ سے نوازا گیا اور پاکستان ٹیلی ویژن نے اپنی سلور جوبلی کے موقع پر اطہر شاہ خان جیدی کو گولڈ میڈل سے نوازا۔
وقت اشاعت : 10/05/2020 - 12:30:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :