کامیڈین اداکار رنگیلا کی 15ویں اور اداکار ظفر مسعود کی 39ویں برسی پرسوں منائی جائے گی

جمعہ 22 مئی 2020 11:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2020ء) معروف کامیڈین اداکار رنگیلا کی 15ویں اور پاکستان ٹیلی وژن کے معروف اداکار ظفر مسعود کی 39ویں برسی پرسوں ( اتوار) کومنائی جائے گی ۔ اداکار رنگیلا یکم جنوری 1937ء کو افغانستان میں پیدا ہوئے، ان کا اصل نام محمد سعید خان تھا۔انہوںنے عملی زندگی کا آغاز باڈی بلڈنگ سے کیا، اس عظیم فنکارنے شروع میں کئی فلموں کے بورڈ تک بھی پینٹ کئے اور پھر اسٹیج کی ر اہ اختیار کرلی۔

انہوںنے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1958 میں فلم ’’جٹی‘‘ سے کیا جس میں انہوں نے اپنی مزاحیہ اداکاری کے جوہر دکھائے۔1969میں ریلیز ہونے والی فلم ’’دیا اور طوفان‘‘ میں بہترین مزاحیہ اداکاری کے ساتھ ساتھ بطور رائٹر، گلو کار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کے طور پر عوام کے سامنے آئے اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔

(جاری ہے)

رنگیلا پروڈکشن کے بینر تلے انہوں نے متعدد فلمیں بنائیں ان کی مشہور فلموں میں رنگیلا، دل اور دنیا، کبڑا عاشق، عورت راج، پردے میں رہنے دو، ایماندار، بے ایمان، انسان اور گدھا اوردو رنگیلے شامل ہیں۔

رنگیلا نے فلموں کے عام کامیڈین سے ہیرو شپ تک کا سفر انتھک محنت اور خداداد صلاحیتوں کے بل پر طے کیا۔ پردہ سکرین پراداکار رنگیلا اور منور ظریف کی جوڑی فلم بینوں میں ارتعاش پیدا کر دیتی تھی۔انہوں نے اپنے دور کی تمام ہیروئینوں کے مقابل مرکزی کردار ادا کئے۔ انہیںبہترین اداکاری اور دیگر شعبوں میں شاندار کاکردگی پر 9 مرتبہ نگار ایوارڈ سے نوازا گیا ۔

انہوں نے فلموں میں 63گانے بھی گائے اوراداکاری ، گلوکاری،ہدایت کاری سمیت دیگر شعبوں میں رنگیلا نے خود کو منوایا۔فلم پردہ نہ اٹھائومیں انہوںنے ٹرپل رول کیا جبکہ فلم عورت راج میں انہوںنے چار رول کیے اور پاکستان کے پہلے اداکارتھے جنھوں نے ایک فلم میں اتنے زیادہ رول ادا کیے ۔1991میں رنگیلا جگر اور گردے کے عارضے میں مبتلا رہنے کے باعث فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی تاہم بعد میں انہوںنے درجنوں اسٹیج ڈراموںمیں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ۔

اداکار رنگیلا24 مئی 2005 کو اپنی بیماری کی وجہ سے اس دنیا ئے فانی سے کوچ کرگئے۔اداکارظفر مسعود نے کراچی پی ٹی وی سینٹر سے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیااور اپنے زمانے کی مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’’خدا کی بستی ‘‘میں کردارادا کیا جو آج بھی ان کے پرستاروں کے ذہنوں پر نقش ہے ۔ ظفر مسعود نے پاکستان ٹیلی وژن کے مشہور ڈراموں زیر زبر پیش، انکل عرفی، آبگینے، بندش اور کرن کہانی میں کام کرکے بہت مقبولیت حاصل کی تھی۔

اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن لاہور مرکز کی ڈرامہ سیریز ایک محبت سو افسانے کے چند ڈراموں میں بھی ناقابل فراموش اداکاری کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے پانچ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جن میں سے تین فلمیں اردو میں اور دو پنجابی زبان میں بنائی گئی تھیں۔ ظفر مسعود 24 مئی 1981 کو کار حادثے میں جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے ۔
وقت اشاعت : 22/05/2020 - 11:27:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :