دانش تیمور اور عائزہ خان کا طیارہ حادثے میں خود سے متعلق افواہوں پر برہمی کا اظہار

ہفتہ 23 مئی 2020 00:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2020ء) لاہور سے سندھ کے دارالحکومت کراچی آنے والے پاکستان ایئر لائنز (پی آئی ای) کے طیارے کے گر کر تباہ ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر فوری طور پر غلط خبریں اور افواہیں پھیل گئیں۔افواہیں پھیلنے سے جہاں عام لوگ پریشانی کا شکار ہوئے، وہیں کچھ معروف شخصیات سے متعلق بھی جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں۔

حادثے کے شکار ہونے والے طیارے میں تقریبا 100 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے اور طیارہ عین اس وقت حادثے کا شکار بنا جب وہ لینڈنگ کیلئے تیار تھا۔حادثے کے فوری بعد سوشل میڈیا پر بدقسمت طیارے کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں جن میں طیارے کو آگ کے شعلوں میں جلتے ہوئے دیکھا گیا۔بدقسمت طیارے کے مسافروں کی فہرست بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جبکہ متعدد نامور شخصیات کے بھی طیارے میں سوار ہونے کی افواہیں گردش کرنے لگیں اور ایسی خبریں پاکستان کے معروف جوڑے دانش تیمور اور عائزہ خان سے متعلق بھی پھیلائی گئیں۔

(جاری ہے)

خود سے متعلق افواہیں پھیلنے کے بعد دانش تیمور اور عائزہ خان نے سوشل میڈیا کے ذریعے وضاحت کی کہ ان سے متعلق تمام خبریں جھوٹی ہیں اور وہ طیارے کے مسافرین میں شامل نہیں۔دانش تیمور نے انسٹاگرام پر فیک نیوز کی گرافکس کے ساتھ مداحوں کو بتایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ خیریت سے ہیں اور وہ گھر پر ہی ہیں۔انہوں نے خود سے متعلق ہونے والی افواہوں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے حادثے کا شکار ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دکھ کا اظہار بھی کیا۔دوسری جانب عائزہ خان نے بھی انسٹاگرام پر اپنے متعلق جھوٹی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اس کی تردید کی۔عائزہ خان نے سادہ الفاظ میں خود سے متعلق ہونے والی معلومات کو جھوٹا قرار دیا۔
وقت اشاعت : 23/05/2020 - 00:02:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :