ندا یاسر، یاسر نواز اور اداکار نوید رضا میں کورونا وائرس کی تصدیق

یاسر، میری بیٹیوں اور مجھ میں وائرس کی تصدیق ہوئی، میرے عملے میں نہیں،ندا

ہفتہ 23 مئی 2020 23:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2020ء) مارننگ شو کی میزبان ندا یاسر، ان کے شوہر یاسر نواز کے ساتھ اداکار نوید رضا میں کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی تصدیق ہوگئی ہے۔ایک انٹرویومیں ندا یاسر نے بتایا کہ یاسر، میری بیٹیوں اور مجھ میں وائرس کی تصدیق ہوئی، میرے عملے میں نہیں، مجھ میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں مگر یاسر کو بخار تھا جبکہ میرے بیٹے کا ٹیسٹ نیگیٹو رہا۔

نجی ٹی وی کے مطابق ایسا مانا جارہا ہے کہ ندا یاسر کے شو گڈ مارننگ پاکستان میں ڈرامے میرا دل میرا دشمن کی کاسٹ شریک ہوئی تو یہ وائرس اس دن ان اداکاروں میں منتقل ہوا۔اس ڈرامے کی کاسٹ میں یاسر نوار، نوید رضا، ایلیزے شاہ، نعمال سمیع اور انعم تنویر شامل ہیں۔نوید رضا نے اس بارے میں بتایا کہ میں نے سب پر ٹیسٹ کے لیے زور دیا تھا، یقینا سیٹ پر وائرس کو دیگر میں منتقل کرنے والا موجود تھا۔

(جاری ہے)

انعم تنویر نے فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ نیگیٹو رہا۔انہوں نے فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ میں نے متعدد افواہیں سنی ہیں کہ میرا دل میرا دشمن کی کاسٹ کو کووڈ ہوگیا ہے، افواہوں میں میرے نام کا حوالہ بھی دیا گیا تو میں بتانا چاہتی ہوں کہ الحمد اللہ میں محفوظ ہوں، میرے ٹیسٹ کا نتیجہ نیگیٹو رہا اور کووڈ 19 پازیٹو نہیں آیا۔انہوں نے درخواست کی کہ پلیز میرے نام کو استعمال کرنا بند کردیں اور مجھے سے تصدیق کیے بغیر ایسی اطلاعات کو شائع کرنے سے گریز کریں۔
وقت اشاعت : 23/05/2020 - 23:57:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :