ہم آج اس لیے زندہ ہیں کیونکہ بس ڈرائیور نے عقلمندی کا مظاہرہ کیا ،کمارسنگاکارا

ہفتہ 6 جون 2020 21:25

ہم آج اس لیے زندہ ہیں کیونکہ بس ڈرائیور نے عقلمندی کا مظاہرہ کیا ،کمارسنگاکارا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2020ء) سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا نے لاہور میں ان کی بس پر حملے کے دوران انہیں بچانے والے ڈرائیور کو ایک بار پھر ہیرو قرار دیا ہے۔ 3مارچ 2009ء کے واقعے کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم معمول کے مطابق بس میں قذافی سٹیڈیم کی جانب رواں دواں تھے ، سنگاکارا اس وقت اپنی ٹیم کے کپتان تھے، انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں سفر کے دوران کھلاڑی ایک دوسرے سے گپ شپ کررہے تھے۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویو دیتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ہمارا ایک فاسٹ باولر یہ کہہ رہا تھا کہ وکٹ بہت زیادہ فلیٹ ہے، مجھے یوں لگتا ہے کہ مجھے اسٹریس فریکچر نہ ہوجائے ، وہ کھلاڑی گپ شپ کے دوران کہہ رہا تھا کہ کاش کوئی بم دھماکا ہوجائے تو ہم لوگ گھر کو واپس لوٹ جائیں ، سنگا کارا نے انکشاف کیا کہ اس کھلاڑی کی بات ابھی مکمل ہوئے 20 ہی سیکنڈز گزرے تھے کہ اچانک فائرنگ کی آوازیں آنا شروع ہوگئیں ، ہم سمجھے کہ کوئی آتش بازی کررہا ہے ، اتنے میں ایک کھلاڑی چلایا کہ’’ نیچے لیٹ جا ، حملہ آور بس کو نشانہ بنارہے ہیں‘‘، تلکارتنے دلشان سامنے ہی بیٹھے ہوئے تھے ، میں وسط میں بیٹھا ہوا تھا ، مہیلا جے وردھنے اور مرلی دھرن میرے عقب میں تھے ، مرلی دھرن تھیلان سماراویرا کے درد کی آواز سن سکتے تھے ، مجھے یاد ہے اوپنر تھرنگا بھی سامنے ہی موجود تھے ، ہم بس کی نشستوں کے بیچ میں چھپے ہوئے تھے ، حملہ آوروں نے بس پر کئی گولیاں برسائیں، گرنیڈ ز بھی پھینکے اور راکٹ لانچر بھی استعمال کیا ، میں نہیں جانتا ہم کس طرح سے بچ گئے ، تھیلان زخمی ہوچکے تھے ، مجھے بھی کندھے پر لوہے وغیرہ کے کئی ٹکڑے لگے ، اجینتھا مینڈس بھی زخمی تھے، تھرنگا کے سینے سے خون بہہ رہا تھا اور اس دوران وہ گر گئے کہ شاید انہیں گولی لگی ہے ، ہمیں ایک دوسرے کی تکلیف سے چلانے کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں، بدقسمتی سے ہماری سیکورٹی پر مامور تمام افراد مارے جاچکے تھے ، یہ بہت ہی تکلیف دہ عمل تھا ، حملہ آوروں نے ہمارے ڈرائیور کو کئی بار نشانہ بنانے کی کوشش کی ، وہ کئی مرتبہ بال بال بچے ، وہی ہمارے اصل ہیرو تھے ، ہم صرف اسی لئے زندہ بچ گئے کیوں کہ وہ زندہ تھے اور وہ وہاں سے ہمیں زندہ نکال لائے۔

وقت اشاعت : 06/06/2020 - 21:25:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :