شہنشاہ غزل مہدی حسن کو مداحوں سے بچھڑے 8 برس بیت گئے،40 سال تک دنیائے موسیقی پر راج کیا

ہفتہ 13 جون 2020 11:40

شہنشاہ غزل مہدی حسن کو مداحوں سے بچھڑے 8 برس بیت گئے،40 سال تک دنیائے موسیقی پر راج کیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2020ء) شہنشاہ غزل مہدی حسن کو مداحوں سے بچھڑے 8 برس بیت گئے۔40 سال تک دنیائے موسیقی پر راج کرنے والے شہنشاہ غزل مہدی حسن کو مداحوں سے بچھڑے 8 برس بیت گئے ہیں، مہدی حسن سن 1927 کو بھارتی ریاست راجھستان کے علاقے لونا میں پیدا ہوئے، مہدی حسن کا تعلق موسیقی کے اس بڑے گھرانے سے تھا جنہوں نے 16 پشتوں تک موسیقی کی خدمت کی۔

1956 میں ریڈیو پاکستان سے گائیکی کا آغاز کیا جبکہ 1962 میں پاکستانی فلم ’شکار‘ کیلئے پہلی مرتبہ گیت ریکارڈ کروایا، مہدی حسن کے گائے ہوئے گیت غزلیں اور قومی ترانے رہتی دنیا تک کانوں میں رس گھولتے رہیں گے، انہوں نے مجموعی طور پر365 فلموں میں اپنی مسحور کن آواز کا جادو جگایا، فلمی صنعت میں انکی آواز کامیابی کی ضمانت سمجھی جاتی تھی۔

(جاری ہے)

مہدی حسن نے 25 ہزار سے زائد گیت اور غزلیں ریکارڈ کرواکر ایک تاریخ رقم کی، شعبہ موسیقی سے تعلق رکھنے والے افراد کے مطابق مہدی حسن دنیا سے تو چلے گئے مگر ان کا فن آج بھی زندہ ہے، مہدی حسن موسیقی کا ایک پورا عہد تھے، ان کے راگ اور راگنی کو دنیا بھر میں شہرت ملی، اسی وجہ سے مہدی حسن کو شہنشائے غزل کے خطاب سے نواز گیا۔شعبہ موسیقی میں بہترین خدمات پر مہدی حسن کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی، تمغہ امتیاز، ہلال امتیاز جب کہ بھارت میں سہگل اور نیپال میں گورکھا دک شینا باہو ایوارڈ سے نوازا گیا، 13 جون سن 2012 کو مہدی حسن کے انتقال سے اردو گائیکی کا باب بند ہوگیا۔
وقت اشاعت : 13/06/2020 - 11:40:14

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :