کورونا سے خوفزدہ ہونے کی نہیں احتیاط کی ضرورت ہے‘وجاہت رئوف

میں کم از کم 31 دن تک کورونا میں مبتلا اور 45 دن تک قرنطینہ میں رہا‘فلم ساز

جمعہ 19 جون 2020 11:42

کورونا سے خوفزدہ ہونے کی نہیں احتیاط کی ضرورت ہے‘وجاہت رئوف
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2020ء) کراچی سے لاہور اور چھلاوا جیسی فلمیں بنانے والے فلم ساز وجاہت رؤف نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کم از کم 31 دن تک کورونا میں مبتلا رہے اور 45 دن تک قرنطینہ میں رہے۔فلم ساز کے علاوہ بھی متعدد شوبز شخصیات کورونا کا شکار بن چکی ہیں، جن میں سے کچھ شخصیات صحت یاب بھی ہوچکی ہیں جب کہ کچھ شخصیات میں کورونا کی علامات انتہائی کم ہونے کی وجہ سے ان کی صحت انتہائی اچھی ہے۔

ملک میں شوبز شخصیات کے علاوہ فیشن، کھیل اور میڈیا سے وابستہ افراد سمیت سیاسی شخصیات بھی کورونا کا شکار ہوچکی ہیں اور کم از کم 90 سیاسی رہنماؤں میں وبا کی تشخیص ہوچکی ہے۔فلم ساز وجاہت رؤف نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ کورونا کی بیماری نے ان سے 31 دن تک پیار کیا اور وہ ایک طرفہ پیار تھا اور ساتھ ہی بتایا کہ مذکورہ پیار ان کی زندگی کا سب سے طویل پیار تھا۔

(جاری ہے)

ہدایت کار کے مطابق ان میں کورونا کی علامات زیادہ ظاہر نہیں ہوئیں اور وبا کی تشخیص کے بعد انہوں نے خود کو گھر تک محدود کردیا تھا اور وہ کم از کم 45 دن تک ہر کسی سے دور رہے۔انہوں نے قرنطینہ کے دوران اچھی خدمت اور خیال رکھنے پر اپنی اہلیہ اور بچوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ساتھ ہی فلم ساز نے مداحوں کو پیغام دیا کہ وبا سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، احتیاط کی ضرورت ہے۔
وقت اشاعت : 19/06/2020 - 11:42:48

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :