بھیک نہیں مانگوں گی، ہاتھ نہیں پھیلائوں گی : اقراء عزیز

جمعرات 2 جولائی 2020 22:12

ًلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جولائی2020ء) نامور اداکارہ اور میزبان و اداکار یاسر حسین کی اہلیہ اقرا عزیز نے سوشل میڈیا پر ایک خاتون کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’بھیک نہیں مانگوں گی، ہاتھ نہیں پھیلائوں گی۔ تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اقرا عزیز نے ایک خاتون کی رکشہ چلاتے ہوئے تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی کیپشن میں لکھا کہ اس عورت نے گھریلو جھگڑوں کے باعث اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی ہے، یہ عورت دو بچیوں کی ماں ہے، جو کہ رکشہ چلا کر اپنی بیٹیوں کے مستقبل کے لیے پیسے جمع کررہی ہے۔

(جاری ہے)

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ان تمام مشکلات و پریشانیوں کے باوجود اس کے چہرے پر مسکراہٹ ہے۔ اقرا عزیز نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’بھیک نہیں مانگوں گی، ہاتھ نہیں پھیلائوں گی، عزت سے محنت سے اپنی بیٹیوں کو پالوں گی۔ اداکارہ کی جانب سے یہ پوسٹ گزشتہ روز شیئر کی گئی تھی جسے اب تک تقریباً 85 ہزار مداح لائیک کرچکے ہیں جبکہ اس پر تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔اقرا عزیز کی اس پوسٹ پر ایک مداح نے کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’انہیں اس خاتون پر فخر ہے۔ایک اور محمد شیر نامی مداح نے کمنٹ کیا کہ یہ لوگ ہمارے ملک کے اصل ہیروز ہیں۔
وقت اشاعت : 02/07/2020 - 22:12:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :