نامور ادیب ،شاعر ،رائٹر احمد ندیم قاسمی کی 14ویں برسی کل ،سینئر اداکار محمود علی کی12ویں برسی کل منائی جائیگی

جمعرات 9 جولائی 2020 11:29

نامور ادیب ،شاعر ،رائٹر احمد ندیم قاسمی کی 14ویں برسی کل ،سینئر اداکار محمود علی کی12ویں برسی کل منائی جائیگی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2020ء) نامور ادیب ،شاعر ، کالم نویس اورڈرامہ رائٹر احمد ندیم قاسمی کی 14ویں برسی کل( جمعہ) جبکہ سینئر اداکار محمود علی کی12ویں برسی پرسوں ( ہفتہ) کو منائی جائیگی ۔ احمدندیم قاسمی جن کا اصل نام احمد شاہ تھا اور ندیم ان کا تخلص تھا 20نومبر 1916ء کو پنجاب کے علاقے خوشاب میں پیدا ہوئے ،ابتدائی تعلیم گائوں میں حاصل کی جبکہ 1923ء میں والد کے انتقال کے بعد اپنے چچا حیدر شاہ کے پاس کیمبل پور چلے گئے۔

وہاں مذہبی، عملی اور شاعرانہ ماحول میسر آیا اور پھر 1931ء میں میٹرک کیا اور بہاولپور کے ایک کالج سے 1935 میں بی اے کیا۔1939میں محکمہ آب کاری میں سرکاری ملازمت اختیار کرلی ،اسی سال ان کی مختصر کہانیوں کا پہلا مجموعہ چوپال شائع ہوا تاہم 1942میں ملازمت سے مستعفی ہو کر لاہور چلے آئے اور یہاں دو جریدوں تہذیبِ نسواں اور پھول کی ادارت سنبھالی۔

(جاری ہے)

1943میں ادب لطیف کے ایڈیٹر مقرر ہوئے اور تقسیمِ ہند سے قبل وہ ریڈیو پشاور میں سکرپٹ رائٹر کے طور پر ملازم ہو گئے۔انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ تیرہ اور چودہ اگست 1947 کی درمیانی شب انہی کا لکھا ہوا اولین قومی نغمہ ریڈیو پاکستان سے نشر ہوا۔قیامِِ پاکستان کے بعد آپ ڈیڑھ سال ریڈیو پشاور میں ملازم رہے، پھر ہاجرہ مسرور سے مل کر نقوش کی ادارت سنبھالی اور امروز سے بھی وابستہ رہے جبکہ اپنی وفات تک وہ مختلف اخبارات میں کالم نگاری بھی کرتے رہے۔

اس کے علاوہ پاکستان ٹیلی ویژن کے لئے انہوںنے قاسمی کہانی، گھر سے گھر تک سمیت متعدد معروف ڈرامے تحریر کئے۔وہ شاعر، افسانہ نگار، کالم نگار اور صحافی تھے، انہوںنے پچاس سے زائد کتابیں تحریر کیں اور ان کی شاعری کے بارہ مجموعے منظر عام پر آئے۔احمد ندیم قاسمی میں کئی خوبیاں پائی جاتی تھیں، انہوں نے فرد کی ذات کی کیفیات کے ساتھ معاشرتی ناہمواریوں اور مسائل کو بھی اپنا موضوع بنایا۔

احمد ندیم قاسمی نے نہ صرف عوام کے مسائل پر لکھا بلکہ ان کے حل کیلئے عملی جدوجہد بھی کی اور اپنے عوام دوست نظریات کی بنا پر انہیں جیل بھی کاٹنا پڑی۔1962ء میں ان کی ایک مشہور ہونے والی نظم کے چند مصرعے کچھ یوں ہیں۔’’ریت سے بت نہ بنا اے مِرے اچھے فنکار،ایک لمحے کو ٹھہر میں تجھے پتھر لا دوں،میں تیرے سامنے انبار لگا دوں،لیکن کون سے رنگ کا پتھر تیرے کام آئے گا‘‘۔

انہیںاردو ادب میں بہترین خدمات کے اعتراف میں 1968 میں تمغہ حسن ِ کاکردگی اور 1980 میں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔اردو ادب کی یہ ہمہ جہت شخصیت 10جولائی 2006ء کو اس دنیا سے رخصت ہوگئی لیکن اپنی تخلیقات کی صورت میں وہ آج بھی زندہ ہیں۔ان کا ایک مشہور شعر آج بھی لب عام ہے ۔’’کون کہتا ہے کہ موت آئی تو مر جائوں گا۔۔۔۔میں تو دریا ہوں سمندر میں اتر جائوں گا‘‘۔

ریڈیو ، ٹی وی اور تھیٹر کے سینئر اداکار محمود علی کی12ویں برسی 11جولائی کو منائی جائے گی ۔محمود علی نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1945ء میں آل انڈیا ریڈیو سے کیا ۔ قیام پاکستان کے بعد وہ اپنے والدین کے ہمراہ 1947ء میں ہندوستان سے ہجرت کرکے لاہور اور پھرکراچی چلے گئے ،ا ن کا ریڈیو شو حامد میاں کے ہاںمقبول ترین پروگرام تھا جس میں انہوں نے مسلسل 50 برس تک صداکاری کی۔

انہوں نے 1969ء میں خواجہ معین الدین تھیٹر کو جوائن کیا ۔ اس کے بینر تلے بنے ڈرامے تعلیم بالغاں میں مولوی صاحب کا کرداران کی پہچان بنا۔ مرزا غالب بندر روڈ پر، کاروان کشمیر، لال قلعہ سے لالو کھیت تک انکے مشہور تھیٹر ڈرامے تھے ۔1965ء میں پی ٹی وی پر ان کا پہلا ڈرامہ راستہ نشر ہوا۔ خد ا کی بستی، لیلیٰ مجنوں، شہزوری، انا ، آنچ، دشت آشنا،افشاں انکے مشہور ڈرامے تھے ۔انہوں نے 25 کے قریب فلموں میں کام کیا۔ حکومت پاکستان نے 1985ء میں انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا ۔اداکار محمود علی حرکت قلب بند ہوجانے کی بنا پر 11جولائی 2008ء کو جہان فانی سے کوچ کوچ کرگئے تھے ۔
وقت اشاعت : 09/07/2020 - 11:29:42

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :