سشانت سنگھ راجپوت دو خطرناک بیماریوں میں مبتلا تھے، تحقیقات میں انکشاف

اداکار ڈپریشن کی 2 خطرناک بیماریوں میں مبتلا تھے جس کا وہ علاج بھی کروا رہے تھے، بھارتی میڈیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 14 جولائی 2020 18:43

سشانت سنگھ راجپوت دو خطرناک بیماریوں میں مبتلا تھے، تحقیقات میں انکشاف
نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین -14جولائی 2020ء) سشانت سنگھ دو خطرناک بیماریوں میں مبتلا تھے, بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ خودکشی کرنے والے بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت ڈپریشن کی 2 خطرناک بیماریوں میں مبتلا تھے جس کا وہ علاج بھی کروا رہے تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار کی موت کے حوالے سے تحقیقات کرنے والے ایک پولیس افسر نے بتایا ہے کہ اداکار ڈپریشن کی 2 بیماریوں کا علاج کروا رہے تھے جب کہ لاک ڈاؤن سے ایک ہفتہ قبل وہ ہندوجا اسپتال میں علاج کرانے کی غرض سے اسپتال میں داخل بھی ہوئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سشانت سنگھ 'پیرانویا' اور 'بائپولر ڈس آرڈر' کی خطرناک بیماریوں میں مبتلا تھے۔اداکار اپنی مصروفیات کے باوجود بھی خود کو اکیلا محسوس کرتے تھے اور یہ بات ان کے گواہوں سے پوچھ گچھ کے بعد سامنے آئی ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کو ایک مہینہ گزر چکا ہے اور 14 جون سے اب تک باندرا پولیس اداکار کی موت کے معاملے کی تفتیش کر رہی ہے اور اس سلسلے میں اب تک تقریباً 3 درجن لوگوں سے پوچھ گچھ بھی کرچکی ہے۔

دوسری جانب ایک سابق راء افسر نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کا گینگ اداکار کو گزشتہ کچھ عرصہ سے فون پر دھمکیاں دے رہا تھا اور اس میں سشانت سنگھ راجپوت کے کچھ قریبی لوگ بھی شامل ہیں۔ سابق راء افسر کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ داؤد ابراہیم اب ممبئی میں نہیں رہتا، لیکن یہاں اس کے تعلقات بہت زیادہ ہیں، ہر طرف اس کا نام پکارا جاتا ہے، بہت سے بالی وڈ کے ستارے اس کی پارٹیوں میں جاتے ہیں اور پیسے کمانے میں اس کی مدد کرتے ہیں، مزید بتایا گیا ہے کہ بہت سے اداکاروں کو داؤد ابراہیم اچھے پیسے بھی دیتا ہے۔

بات کرتے ہوئے سابق راء افسر کا کہنا تھا کہ ایک دن قبل عمارت کے سی سی ٹی وی کیمرے بند ہو جانا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہ خودکشی نہیں تھی بلکہ ایک قتل تھا۔
وقت اشاعت : 14/07/2020 - 18:43:56

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :