سابق ایم پی اے چودھری کاشف محمود (ن) لیگ چھوڑ کر مسلم لیگ (ق) میں شامل ہو گئے ،حکمرانوں کو دن بدن بڑھتی مہنگائی اور لاقانونیت سے پریشان عوام کا بالکل کوئی احساس نہیں‘ چودھری کاشف ،سیاسی رہنماؤں کو موجودہ بدترین حالات سے موازنہ کے بعد ہماری عوامی خدمات کا احساس ہو رہا ہے‘ چودھری پرویزالٰہی

جمعرات 21 نومبر 2013 19:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21نومبر۔2013ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے ان کی رہائش گاہ پر بہاولنگر سے سابق ایم پی اے چودھری کاشف محمود نے ملاقات کی اور (ن) لیگ چھوڑ کر مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور لاقانونیت میں دن بدن اضافہ سے عوام پریشان ہیں لیکن حکمرانوں کو اس کا بالکل کوئی احساس نہیں، کھانے پینے کی اشیاء، بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو رہی ہیں جبکہ پنجاب میں چودھری پرویزالٰہی کا دور خوشحال اور امن و امان کا دور تھا۔

چودھری پرویزالٰہی نے چودھری کاشف محمود کی پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت اور اصولوں کی سیاست کی ہے، انتقامی سیاست کی بجائے بھائی چارے کا سبق دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے جھوٹے وعدوں اور ہوائی دعوؤں کا پردہ چاک ہونے کے بعد عوام اور سیاسی رہنماؤں کو موجودہ صورتحال سے موازنہ کے بعد ہماری عوامی خدمات کا احساس ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں کبھی دروازے بند نہیں کیے جاتے، انتقامی رویہ اور تکبر عوامی رہنماؤں کا شیوہ نہیں ہو سکتا۔ اس موقع پر مسلم لیگی رہنما محمد بشارت راجہ، دلدار چیمہ، ناصر محمود گل اور شہزاد حسین چیمہ بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :